’ٹوئٹر پر جعلی اشتہارات سے ہوشیار رہیں‘
سوشل میڈیا کے فرضی اکاؤنٹس پر انعامی مقابلے میں شرکت کی دعوت دی جاتی ہے۔ فوٹو فرانس 24
وزارت تجارت و سرمایہ کاری نے سعودی عرب میں مقیم غیرملکیوں اور مقامی شہریوں کو خبردار کیا ہے کہ وہ ٹوئٹر پر فرضی کمپنیوں کے انعامی اشتہارات سے ہوشیار رہیں۔
اشتہارات کا مقصد صرف سوشل میڈیا کے اکاؤنٹ پر ٹریفک میں اضافہ کرنا ہے انعام دینا نہیں۔ فرضی انعامی سکیموں کے اشتہارات دھوکے بازی کے زمرے میں شمار کیے جاتے ہیں۔
عربی روزنامے الوطن میں شائع ہونے والے مضمون میں کہا گیا ہے کہ گزشتہ کئی دنوں سے ٹوئٹر پر معروف شخصیات کے ناموں کو استعمال کر کے بعض لوگوں نے دسیوں جعلی اکاؤنٹس بنائے ہوئے ہیں۔
جعلی اکاؤنٹس پر لوگوں کو انعامی مقابلے میں شرکت کرنے کی دعوت دی جاتی ہے۔ ایک اکاؤنٹ پر معمولی سوال کا جواب دینے پر 30 ہزار ریال کا انعام دینے کا بھی کہا گیا مگر آج تک کسی کو انعامی رقم ادا نہیں کی گئی۔
اخبار کا کہنا ہے کہ ٹوئٹر پر مختلف سپورٹس کلب اور دیگر معروف شخصیات کے ناموں کو استعمال کرتے ہوئے جعلی اکاؤنٹ بنائے گئے۔
جعل سازوں نے اکاؤنٹ کو شیئر کرنے اور انہیں 'لائیک' کرنے والوں کو انعام دینے کا بھی اعلان کیا ہے۔
اس حوالے سے دسیوں متاثرین نے اخبار کو بتایا کہ 'آج تک انہیں کسی بھی اشتہار کے مالک کی جانب سے کوئی انعامی رقم نہیں دی گئی۔‘
اس ضمن میں اخبار نے جب وزارت تجارت و سرمایہ کاری سے جعلی انعامی اشتہارات کے حوالے سے رجوع کیا تو وزارت تجارت کا کہنا تھا کہ اس قسم کے اشتہارات دھوکے بازی کے زمرے میں آتے ہیں، صارفین کو چاہیے کہ جعل سازوں سے ہوشیار رہیں جن کا مقصد صرف اپنی مصنوعات کو فروغ دینا اور لوگوں کی توجہ اپنی جانب مبذول کرانا ہے۔
وزارت تجارت کا مزید کہنا تھا کہ جعلی اشتہار دینے والوں کے خلاف کارروائی کرنا قانون نافذ کرنے والے اداروں کی ذمہ داری ہے اس ضمن میں وزارت تجارت اپنا بھرپورکردار ادا کرے گی ۔