محکمہ ٹریفک نے ٹویٹر پر وضاحتی بیان جاری کیا ہے۔ فوٹو:سوشل میڈیا
سعودی محکمہ ٹریفک کے مطابق گاڑی میں ڈرائیور کے برابر میں سفر کرنے والا موبائل استعمال کرسکتا ہے۔ اس پر موبائل استعمال کرنے کے حوالے سے کوئی پابندی نہیں۔
عاجل ویب سائٹ کے مطابق محکمہ ٹریفک نے یہ وضاحتی بیان ٹویٹر کے اپنے اکاﺅنٹ پر مقامی شہری کے استفسار کے جواب میں جاری کیا ہے۔
محکمہ ٹریفک سے استفسار کیا گیا تھا’ کیا موبائل کے استعمال پر پابندی ڈرائیور کے برابر میں بیٹھے مسافر پر بھی لاگو ہوتی ہے یا نہیں‘؟۔
سعودی محکمہ ٹریفک نے بتایا ’ قانون میں سواریوں پر موبائل استعمال کرنے کی کوئی پابندی نہیں تاہم ڈرائیور نے دوران ڈرائیونگ موبائل استعمال کیا تو اس پر 150 ریال جرمانہ ہوگا ۔ اگر جرمانہ ایک ماہ میں ادا نہ کیا تو بڑھ کر تین سو ریال ہوجائے گا‘۔
یاد رہے کہ سعودی عرب میں عوام کی سلامتی پر اثر انداز ہونے والی گیارہ خلاف ورزیوں پر بھاری جرمانے مقرر کررکھے ہیں۔
ان میں ٹائر سکریچنگ، نشے کی حالت میں گاڑی چلانا، دماغ پر اثر انداز ہونے والی ادویہ لے کر گاڑی چلانا، سگنل توڑنا، مخالف سمت میں گاڑی چلانا، زگ زیگ انداز میں گاڑی چلانا، گاڑی کی پلیٹ کے نمبر مٹا کر چلانا شامل ہے ۔
اس کے علاوہ ھلوان پر اوور ٹیک کرنا،بغیر لائٹ یا بریک والی گاڑی چلانا، مقررہ رفتار سے 25 کلو میٹر سے زیادہ کی رفتار سے گاڑی چلانا، گاڑی چلاتے وقت موبائل فون استعمال کرنا اور سگنلز پر رکنے کی ہدایت کی پابندی نہ کرنے پر بھی جرمانے عائد ہیں۔