رش کے باعث کرایوں میں 50 فیصداضافہ ہوگیا ہے۔فوٹو: ٹوئٹر
سعودی عرب کے تعلیمی اداروں میں تعطیلات اور نئے سال کے پیش نظر داخلی اور بیرون پروازوں کے لیے ٹکٹوں کی قیمتوں میں ہوشربا اضافہ ہوگیا ہے۔
سبق ویب سائٹ کے مطابق اندرون ملک کے ساتھ خلیجی وعرب ممالک اور امریکہ و یورپ جانے والے بڑی تعداد میں بکنگ کرا رہے ہیں۔
یاد رہے کہ یکم جنوری 2020 سے سعودی عرب میں موسم سرما کی تعطیلات شروع ہورہی ہیں۔
موسم سرماکی تعطیلات کے دوران سعودی عرب کے مختلف علاقوں میں آباد مقامی شہری اور مقیم غیر ملکی مکہ مکرمہ اور مدینہ منورہ کا رخ کرتے ہیں۔
داخلی اور بیرون ملک پروازوں کے لیے رش کے باعث کرایوں میں 50 فیصداضافہ ہوگیا ہے۔
سیاحتی ایجنسیوں کے مطابق ہر سال دسمبر کے آخر میں رش دیکھنے میں آتا ہے۔
دبئی ، شرم الشیخ اور بحرین کے لیے ہزاروں ٹکٹ بک کرائے گئے ہیں۔ سال کے دیگر مہینو ں کے مقابلے میں دسمبر کے آخر میں کرائے بہت زیادہ بڑھ گئے ہیں۔
بعض ایئرلائنز نے ریزرویشن سے معذرت کرلی ہے۔ تمام پروازوں کے لیے سیٹیں بک ہوچکی ہیں۔
امارات کی ائیر العربیہ کے ڈائریکٹر بشیر عرنوس نے بتایا ’ دبئی، بحرین اور قاہرہ کے لیے بکنگ کرنے والوں کی تعداد غیر معمولی ہے۔آذربائیجان جیسے ممالک جانے والوں کی تعداد بھی بڑھی ہے‘۔
عطار ٹریولنگ ایجنسی کے ترجمان ھانی الفیومی کے مطابق’ پروازیں تقریباً بک ہو چکی ہیں۔ واپسی کی پروازوں پر دباﺅ بہت زیادہ ہوگا‘۔
ایلاف کمپنی کے ڈائریکٹر عمر الکومیشی کا کہنا تھا’ اندرون اور بیرون ملک پروازوں کی بکنگ میں غیر معمولی اضافہ ہوگیا ہے۔فضائی کمپنیاں کرایوں میں بتدریج اضافہ کرتی ہیں۔طلب جتنی بڑھتی ہے کرایے اسی تناسب سے بڑھا دیے جاتے ہیں‘۔
’فضائی کمپنیو ں اور ٹریولنگ ایجنسیوں کا بنیادی اصول یہی ہے کہ طلب جتنی زیادہ ہوگی کرایو ںمیں اضافہ بھی اسی تناسب سے ہوگا‘۔
عمر الکومیشی کا کہنا تھا کہ پیشگی بکنگ کرانے والے فائدے میں رہتے ہیں۔