کمپنیوں کو غیر ملکی ملازمین کے بینک اکاؤنٹ پیش کرنے کا حکم
کمپنیوں کو غیر ملکی ملازمین کے بینک اکاؤنٹ پیش کرنے کا حکم
جمعرات 19 دسمبر 2019 19:56
کارکنان کی تنخواہوں کی ادائیگی کا بینک ڈیٹا ہر ماہ وزارت محنت کو جمع کرانا ضروری ہے۔ فائل فوٹو
سعودی وزارت محنت و سماجی بہبود نے 20 سے زیادہ ملازم والی تمام کمپنیوں کو اپنے ملازمین کے بینک اکاﺅنٹس کا ریکارڈ پیش کرنے کا حکم دے دیا۔
وزارت محنت ملازمین کی تنخواہوں کی بروقت ادائیگی کو یقینی بنانے والا پروگرام سلسلہ وار نافذ کررہی ہے۔ اس کا 14 واں مرحلہ جمعرات کو نافذ کردیا گیا۔
عکاظ اخبار کے مطابق وزارت محنت نے کمپنیوں کے مالکان کو حکم دیا ہے کہ وہ اپنے ہر کارکن کا بینک اکاﺅنٹ کھلوائیں اور ان کے بینک اکاﺅنٹس کا ڈیٹا جمع کرکے وزارت کو پیش کریں۔
اگر بوجوہ کسی کارکن کا بینک اکاﺅنٹ نہ ہو تو اس کو تنخواہ کا کارڈ جاری کیا جائے۔ اس طرح کے کارکن کا ڈیٹا الگ سے تیار کرکے وزارت کو اس سے مطلع کیا جائے۔
اکاﺅنٹ اور تنخواہ کارڈ کا ڈیٹا ہر ماہ متعلقہ بینکوں کو بھیجا جائے اور تنخواہیں ادا ہوجانے کے بعد تصدیق شدہ دستاویز بینک سے حاصل کرکے اپنے ریکارڈ میں رکھی جائے۔
وزارت محنت نے آجروں کو یہ ہدایت بھی دی ہے کہ بینک سے تنخواہوں کی ادائیگی کی تصدیق شدہ دستاویز وزارت محنت کی الیکٹرانک خدمات کے اکاﺅنٹ پر جاکرجمع کرائی جائے۔ یہ کام ہر ماہ پابندی سے انجام دیا جائے۔
وزارت محنت نے یہ پابندیاں اس لیے لگائی ہیں تاکہ کسی بھی کارکن کی تنخواہ میں تاخیر نہ ہو۔ ہر ملازم کو اس کی تنخواہ مقررہ وقت پر ملتی رہے۔
وزارت محنت نے توجہ دلائی ہے کہ اگر کسی ادارے نے کسی بھی مہینے تصدیق شدہ دستاویز وزارت کی ویب سائٹ پر جمع نہ کرائی تو ایسی صورت میں وزارت کا انسپکٹر متعلقہ ادارے کا تفتیشی دورہ کرے گا ۔ اس کی تمام فائلیں چیک کرے گا۔ دو ماہ تک تاخیر پر متعلقہ ادارے کو وزار ت کی جانب سے مہیا کی جانے والی تمام خدمات منقطع کردی جائیں گی۔ اس سے ورک پرمٹ کا اجرا اور توسیع مستثنیٰ ہوں گی۔
وزارت محنت نے ایک انتباہ یہ دیا ہے کہ اگر کسی بھی کمپنی نے مسلسل تین ماہ تک مذکورہ دستاویز نہ جمع کرائیں تو ایسی صورت میں وزارت کی جانب سے اس کے لیے تمام خدمات معطل کردی جائیں گی اور اس ادارے کے غیر ملکی کارکنان کو ادارے کے مالک کی منظوری کے بغیر کسی بھی ادارے میں ٹرانسفر کی اجازت دے دی جائے گی۔