Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

 عرعر میں نئے ایئرپورٹ سے آزمائشی پروازیں

سالانہ 10 لاکھ 39 ہزار مسافر فائدہ حاصل کریں گے۔(فوٹو واس)
سعودی سول ایوی ایشن اتھارٹی نے سعودی عرب کے شمالی شہر عرعرمیں نئے ہوائی اڈے سے آزمائشی پروازوں کا آغازکردیا ہے۔ اتوار کو دارالحکومت ریاض سے سعودی ایئرلائنزکی پہلی پرواز عرعر کے نئے ہوائی اڈے پر پہنچی اور اس کے بعد ریاض کے لیے واپس روانہ ہوئی۔
 ایس پی اے کے مطابق سول ایوی ایشن اتھارٹی نے ایک بیان میں کہا ہے کہ عرعرہوائی اڈے سے آزمائشی پروازیں شروع ہو گئی ہیں۔ہوائی اڈے سے بتدریج اندرون ملک پروازوں کا دائرہ وسیع کیا جائے گا۔

دس چیک ان کاونٹر کے ساتھ چھ گیٹ بنائے گئے ہیں۔(فوٹو واس)

جدہ اورریاض سے عرعر ہوائی اڈے پرسعودی عرب کی قومی ایئرلائنز السعودیہ کی پروازیں چلائی جائیں گی جبکہ دمام سے فلائی ناس کی پروازوں سے آغاز کیا جائے گا۔
سول ایوی ایشن کی جنرل اتھارٹی کے سربراہ عبد الہادی المنصوری نے واضح کیا ہے کہ عالمی معیار پر پورا اترنے کے لیے نئے ہوائی اڈوں کو باقاعدہ پروازوں کے لیے کھولنے سے پہلے آزمائشی پروازوں کا سلسلہ شروع کیا جاتا ہے۔
اس سروس کا مقصد پروجیکٹ کے انفراسٹرکچر کی صلاحیت کو پرکھنا اور زیادہ مفید اور موزوں بنانا ہوتا ہے تاکہ تمام تکنیکی خامیوں کودور کیا جا سکے۔

شمالی علاقے کے مسافروں کے لیے نئی سہولت ثابت ہوگا۔ (فوٹو واس)

عبدالھادی المنصوری کا کہنا تھا کہ عرعر ہوائی اڈے سے سالانہ 10 لاکھ 39 ہزار مسافر سفر کرسکیں گے۔ اس ہوائی اڈے پر سالانہ 10 ہزار پروازوں کی گنجائش پیدا کی جائے گی۔ سعودی عرب کے شمالی علاقوں میں مسافروں کی آمدورفت کے لیے یہ ہوائی اڈہ ایک نئی سہولت ثابت ہوگا۔
نئے ہوائی اڈے پر مسافروں کی آمدورفت کے لیے دس چیک ان کاونٹر کے ساتھ چھ گیٹ بنائے گئے ہیں۔ ہوائی اڈے پر بیک وقت چار طیاروں کی آمدورفت کی سہولت ہوگی۔
  • سعودی عرب کی تازہ ترین خبروں کے لیےواٹس ایپ گروپ جوائن کریں

شیئر: