جدہ کے نئے ائیرپورٹ سے پروازیں جمعہ سے
نئے ائیرپورٹ سے بین الاقوامی پروازوں کا سلسلہ بتدریج بڑھایا جائے گا ۔
جدہ کے نئے کنگ عبدالعزیز انٹرنیشنل ائیرپورٹ سے جمعہ کو ابوظبی ، مسقط اور بحرین کےلئے پروازوں کی آمد و رفت شروع ہو گی۔
سعودی محکمہ شہری ہوابازی نے اعلان کیا ہے کہ 9اگست جمعہ کو جدہ کے نئے کنگ عبدالعزیز انٹرنیشنل ائیرپورٹ ٹرمینل 1سے ابوظبی انٹرنیشنل ائیرپورٹ ، بحرین انٹرنیشنل ائیرپورٹ اور مسقط انٹرنیشنل ائیرپورٹ کےلئے پروازوں کی آمد و رفت شروع کر دی جائے گی ۔
محکمہ شہری ہوابازی کے مطابق جدہ کے نئے ائیرپورٹ سے بین الاقوامی پروازوں کا سلسلہ بتدریج بڑھایا جائے گا ۔ابوظبی انٹرنیشنل ائیرپورٹ کےلئے جمعہ سے یومیہ ایک پرواز چلائی جائے گی ۔اسی طرح بحرین ائیرپورٹ کےلئے بھی یومیہ ایک پرواز کا پروگرام ہے ۔10اگست کو مسقط ائیرپورٹ کےلئے ہفتے میں 4پروازیں چلائی جائیں گی۔
سعودی عریبین ائیر لائنز السعودیہ جدہ کے نئے ائیرپورٹ سے 21داخلی ہوائی اڈوںکےلئے پروازوں کا تجربہ کر چکی ہے ۔جدہ کے نئے ہوائی اڈے سے باحہ ، دوادمی ، القیصومہ ، تبوک ، ینبع ، القریات ، عر عر ، الوج ، العلاء، الہفوف ، طریف ، جیزان ، شرورہ ، طائف ، الجوف ، بیشہ ، حائل ، رفحاء، وادی الدواسر ، ابہا اور نجران کےلئے پروازیں چلائی جا چکی ہیں۔
جدہ کا کنگ عبدالعزیز انٹرنیشنل ائیرپورٹ 3ٹرمینلز ساﺅتھ ، نارتھ اور حج ٹرمنلز پر مشتمل ہے۔اس کا حج ٹرمینل اپنی نوعیت کا منفرد ہے ۔اس ائیرپورٹ پر رائل ٹرمینل بھی ہے جو ریاستوں کے سربراہوں ، فرمانرواﺅں، وزارائے اعظم اور صدور کےلئے مخصوص ہے ۔
جدہ کا نیا ائیرپورٹ مملکت ہی نہیں بلکہ خطے کا اہم اقتصادی اور تمدنی مرکز ہوگا ۔اس کا ماسٹر پلان 3مرحلوں میں 2035ءتک نافذ کیا جائے گا ۔مکمل ہونے پر اس سے سالانہ 80ملین افراد سفر کر سکیں گے ۔
جدہ کے نئے ہوائی اڈے کے 300کاﺅنٹر ہوں گے ۔ ان میں 220امیگریشن کی باقاعدہ کارروائی ہو گی ۔ 80کاﺅنٹر خودکار سروس کےلئے مختص ہوں گے ۔ اسکے ہالوں کا مجموعی رقبہ 810000میٹر ہو گا ۔ اس کے تحت 2ٹرانسپورٹ سینٹر ہوں گے ۔ حرمین ایکسپریس ٹرین کا اسٹیشن بھی ہو گا ۔ ٹرانسپورٹ سینٹر میں مچھلیوں کا سب سے بڑا انٹرنیشنل ایکیوریم ہوگا۔
جدہ کے نئے ہوائی اڈے کا کنٹرول ٹاور 136میٹر اونچا ہے اور یہ دنیا کا سب سے بلند کنٹرول ٹاور ہو گا ۔یہاں 98طیاروں کی پارکنگ کا انتظام ہوگا ،70عمارت سے مربوط ہوں گی جبکہ 28میدان میں ہوں گی۔اسکاکمرشل ایریا27987میٹر ہو گا ۔مسافروں کے سامان کےلئے 16کنویئر بیلٹ ہوں گی۔