اس سال سی ویو پر واقع بلند و بالا عمارت بحریہ آئیکون ٹاور سے آتش بازی کا مظاہرہ کیا جائے گا(فوٹو:سوشل میڈیا)
ہر سال کی طرح اس بار بھی زندہ دلانِ کراچی نئے سال کا جشن دھوم دھام سے منانے کے لیے تیار ہیں۔ ایسے میں مختلف تفریحی مقامات پر اداروں کی جانب سے انتظامات بھی کیے گئے ہیں۔
سالِ نو کی آمد پر شاپنگ پلازہ میں مختلف نوعیت کی سیلیں لگتی ہیں جبکہ فوڈ کورٹس اور ریستورانوں میں نیو ائیر ڈسکاؤنٹ ڈیلز متعارف کرائی جاتی ہیں۔ متعدد جگہوں پر آتش بازی کا بھی اہتمام کیا جاتا ہے لیکن اصل جشن تو سڑکوں اور چوراہوں پر منایا جاتا ہے جہاں شہری ٹولیوں کی صورت میں خوب ہلہ گلہ کررہے ہوتے ہیں اور کچھ سڑک کنارے کھڑے ہو کر خوشیاں مناتے ہوئے ان افراد کو دیکھ کر اپنا جی خوش کررہے ہوتے ہیں۔
گرو مندر چورنگی، فائیو سٹار چورنگی، سی ویو، حسن سکوائر یہ وہ مقامات ہیں جہاں بنا کسی پیشگی انتظام کے کراچی والے جمع ہوجاتے ہیں اور نئے سال کا استقبال کرتے ہیں۔
نوجوانوں کی بڑی تعداد سی ویو کا رخ کرتی ہے اور کچھ منچلے موٹر سائیکلوں پر کرتب دکھاتے ہیں۔ ہلڑبازی کے واقعات کی وجہ سے سی ویو کو نیوائیر نائٹ پر بند کرکے راستے سیل کردیا جاتا تھا لیکن اب صوبائی اور شہری انتظامیہ عوام سے پرامن رہنے کی اپیل کرتے ہوئے سی ویو کو کھلا رکھتی ہے۔
اس سال سی ویو پر واقع بلند و بالا عمارت بحریہ آئیکون ٹاور سے آتش بازی کا مظاہرہ کیا جائے گا۔ سی ویو پر واقع ڈی ایچ اے بیچ ویو کلب میں بھی جشن کا سماں ہوگا۔
کراچی بندر گاہ سے متصل پورٹ گرینڈ میں بھی کانسرٹ اور آتش بازی کا انتظام کیا گیا ہے اور مختلف فوڈ سٹالز بھی لگائے گئے ہیں۔
نارتھ ناظم آباد میں فائیو سٹار چورنگی سے متصل فوڈ سٹریٹ میں بھی ضلع وسطی اور شرق سے شہری جمع ہوتے ہیں جہاں رات بارہ بجے آتش بازی کا مظاہرہ بھی ہوتا ہے۔
شہریوں کی بڑی تعداد کراچی کے مضافات میں تعمیر کردہ بحریہ ٹاؤن کا رخ بھی کرتی ہے جہاں ڈانسنگ فاؤنٹین اور آتش بازی کا دلکش مظاہرہ ہوتا ہے۔
گزشتہ سال تو بحریہ ٹاؤن کی انتظامیہ کو جگہ کی تنگی کے باعث داخی دروازے بند کرنا پڑے تھےے اور ہزاروں کی تعداد میں لوگوں نے ہائی وے پر گاڑیوں میں بیٹھ کر آتش بازی کا مظاہرہ کیا۔
شہر کے فائیو سٹار ہوٹلز میں نئے سال کی آمد کی مناسبت سے تقریبات کا اہتمام کیا جاتا ہے۔ گزشتہ کچھ سالوں سے کراچی میں پرائیوٹ پارٹیز کا نیا ٹرینڈ دیکھا گیا ہے۔ شہر کے پوش علاقوں میں لوگ اپنے گھروں میں پرائیویٹ پارٹیز کا اہتمام کرتے ہیں اور دوستوں، رشتے داروں کے ساتھ مل کر نئے سال کو خوش آمدید کہتے ہیں۔
نئے سال کی آمد کی مناسبت سے شہر میں جگہ جگہ مختلف تقریبات تو منعقد ہوتی ہی ہیں لیکن اگر آپ کہیں نہ بھی جاسکیں تو بس سڑک پر نکل آئیں اور دھوم دھڑکے میں شامل ہو کر نئے سال کو خوش آمدید کہیں۔