سالانہ چھٹیوں میں اضافی ٹرینوں کی سہولت فراہم کی گئی ہے۔(فوٹو عرب نیوز)
حرمین ہائی سپیڈ ٹرین سروس کی انتظامیہ نے اعلان کیا ہے کہ سعودی عرب کے تعلیمی اداروں میں وسط مدتی تعطیلات کے دوران ٹرین سروس کی یومیہ تعداد بڑھا کر 16 کر دی جائے گی۔
عرب نیوز کے مطابق تجدید شدہ سروس کا آغاز 3 جنوری 2020 سے ہو گا جو 19جنوری 2020 تک جاری رہے گا۔ یہ ٹرین سروس صبح 8 بجے سے رات گیارہ بجے تک ہوگی۔
ٹرین سروس براستہ کنگ عبدالعزیز انٹرنیشنل ایئرپورٹ جدہ ریلوے سٹیشن اور کنگ عبداللہ اکنامک سٹی کے ریلوے سٹیشن سے مکہ اور مدینہ کے درمیان سفر جاری رکھے گی۔
سرکاری سکولوں میں ہونے والی وسط مدتی سالانہ چھٹیوں کے دوران عوام کو اضافی ٹرینوں کی یہ سہولت فراہم کی گئی ہے۔
حرمین ہائی سپیڈ ٹرین سروس الیکٹرک انجن کے ذریعے 300 کلومیٹر فی گھنٹہ کی رفتار تک چلتی ہے۔ مکہ اور مدینہ آنے اور جانے والے مسافروں کو کنگ عبدالعزیز انٹرنیشنل ائیرپورٹ جدہ ریلوے سٹیشن اور کنگ عبداللہ اکنامک سٹی ریلوے سٹیشن سے ہوتی ہوئی خدمات فراہم کر رہی ہے۔
حرمین ٹرین سروس ڈھائی ماہ کے وقفے کے بعد گیارہ دسمبر 2019 سے دوبارہ شروع کی گئی ہے۔ جدہ سٹی کے مرکزی ریلوے سٹیشن سلیمانیہ میں 29 ستمبر 2019 کو حادثاتی طور پر اچانک آگ لگ جانے کے بعد ٹرین سروس کو معطل کر دیا گیا تھا۔