Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

ہوائی اڈوں پر پارکنگ فیس میں اضافہ

2019ءمیں ریاض ایئرپورٹ پر پارکنگ فیس 3ریال فی گھنٹہ تھی ۔ فائل فوٹو
کنگ خالد انٹرنیشنل ایئرپورٹ ریاض پر کار پارکنگ کے انتظامات کرنے والی کمپنی نے پارکنگ فیس میں اضافہ کردیا۔ نئے سال 2020ء سے عملدرآمد شروع کردیا گیا۔
ماضی میں محدود مدت والی پارکنگ میں ایک گھنٹے کی فیس تین ریال وصول کی جاتی تھی۔ اب اسے بڑھا کر پانچ ریال کردیا گیا ہے۔ یہاں ایک گھنٹے سے کم وقت کی پارکنگ پر بھی یہی چارجز وصول کیے جاتے ہیں۔ 

ریاض ایئرپورٹ پر کار پارکنگ فیس میں اضافہ نئے سال سے کیا گیا ہے۔ فوٹو: الوطن

الوطن اخبار کے مطابق ایئرپورٹ آنے، جانے والوں نے اس پر ناگواری کا اظہار کیا ہے۔ بعض افراد کا کہنا ہے کہ اس اضافے کا کوئی جواز نہیں۔ پارکنگ ہر وقت بھری رہتی ہے۔ اکثر اوقات پارکنگ بھی نہیں ملتی۔ اس کے علاوہ کمپنی گاڑیوں کی حفاظت بھی نہیں کررہی ہے۔ بعض اوقات گاڑی چوری ہوجاتی ہے۔ کبھی کبھار گاڑی کو پارکنگ میں نقصان پہنچ جاتا ہے اور کمپنی اس کا نوٹس تک نہیں لیتی۔ کچھ لوگوں نے اضافے کی حمایت یہ کہہ کر کی کہ اس کی بدولت پارکنگ میں رش کم ہوجائے گا۔
کنگ عبدالعزیز ایئرپورٹ جدہ کا مسئلہ کنگ خالد انٹرنیشنل ایئرپورٹ سے مختلف ہے۔ یہاں ایک گھنٹے کی پارکنگ پر خود کار نظام کے ذریعے پانچ ریال لیے جاتے ہیں اور کیش کی صورت میں ادا کرنے پر10 ریال وصول کیے جارہے ہیں۔ البتہ ایک اچھی بات یہ ہے کہ جدہ کے ہوائی اڈے پر ابتدائی 15 منٹ فری ہوتے ہیں۔ اگر کوئی 15منٹ کے اندر ایئرپورٹ سے نکل جائے تو ایسی صورت میں کوئی فیس وصول نہیں کی جاتی۔
دمام کا کنگ فہد انٹرنیشنل ایئرپورٹ پارکنگ کے حوالے سے مملکت کا سستا ترین ایئرپورٹ ہے۔ فی گھنٹہ پارکنگ فیس دو ریال لی جاتی ہے۔ 72 گھنٹے تک فی گھنٹہ یہی فیس رہتی ہے۔ اس کے بعد فی گھنٹہ ایک ریال وصول کیا جاتا ہے۔
کنگ خالد ایئرپورٹ ریاض طویل دورانیے والی پارکنگ اور اکنامی پارکنگ کی درجہ بندی کیے ہوئے ہے۔ اکنامی پارکنگ کے چارجز فی گھنٹہ تین ریال ہیں۔
کنگ عبدالعزیز ایئرپورٹ جدہ اکنامی پارکنگ میں ایک گھنٹے کی فیس ساڑھے تین ریال وصول کررہا ہے۔ ایسا لگتا ہے کہ سعودی ہوائی اڈوں پر کار پارکنگ کے ریٹس میں اضافے کا بنیادی مقصد رش کو کنٹرول کرنا ہے۔ کرایہ کم ہونے کی وجہ سے لوگ گھنٹوں گاڑی پارک کردیتے ہیں۔ کرایہ زیادہ ہوگا تو ایسا نہیں ہوگا۔
                               
خود کو اپ ڈیٹ رکھیں، واٹس ایپ گروپ جوائن کریں

شیئر: