سعودی شہری کو قتل کر کے لاش صحرا میں دفن کرنے والا یمنی گرفتار
سعودی شہری کو قتل کر کے لاش صحرا میں دفن کرنے والا یمنی گرفتار
پیر 6 جنوری 2020 17:54
پوچھ گچھ پر پتہ چلا کہ مقتول کا جھگڑا عنیزہ میں ایک یمنی شہری سے ہوا تھا ( فوٹو: سبق)
قصیم پولیس نے سعودی شہری کے قتل میں ملوث یمنی شہری کو گرفتار کرلیا ہے۔ پولیس نے سراغ رسانوں کی مدد سے پہلے مقتول شہری کی لاش کو تلاش کیا اوربعد ازاں قاتل تک رسائی حاصل کرلی۔
سعودی خبررساں ادارے ایس پی اے کے مطابق قصیم پولیس کے ترجمان نے کہا ہے کہ ’مقامی شہری لاپتہ ہوگیا تھا۔ اہل خانہ نے رپورٹ درج کرائی تھی‘۔
انہوں نے کہا ہے کہ ’سراغ رساں کتوں کی مدد سے مقامی شہری کی لاش تک رسائی حاصل کی گئی۔ مختلف لوگوں سے پوچھ گچھ پر پتہ چلا کہ مقتول سعودی کا جھگڑا عنیزہ میں ایک یمنی شہری سے ہوگیاتھا‘۔
انہوں نے بتایا ہے کہ ’پولیس نے یمنی شہری کو تلاش کر کے گرفتار کرلیا۔ پوچھ گچھ کی گئی۔ اسی دوران یمنی شہری سے متعلق معلومات بھی جمع کرلی گئیں۔ پتہ چلا کہ وہ عمر کے تیسرے عشرے میں ہے اور اس کا مقتول سعودی شہری سے جھگڑا ہوا تھا‘۔
پولیس ترجمان نے کہا ہے کہ ’یمنی شہری نے اقبال جرم کرتے ہوئے کہا کہ ہاں میرا جھگڑا ہوا تھا اور میں نے اسے قتل کر کے اس کی لاش صحرا میں چھپا دی تھی‘۔
یمنی شہری کو حوالات میں بند کر دیا گیا ہے اور اب اس کے خلاف قانونی کارروائی کی جارہی ہے۔