’عالمی برادری خطے کے امن و استحکام کو یقینی بنائے‘
’عالمی برادری خطے کے امن و استحکام کو یقینی بنائے‘
منگل 7 جنوری 2020 18:41
’ لیبیا میں ترکی کی مداخلت الاقوامی دستاویزات اور اصولوں کے منافی ہے‘ (فوٹو: واس)
سعودی کابینہ نے لیبیا میں ترکی کی مداخلت اور فوجی آگ بھڑکانے کو بین الاقوامی دستاویزات اور اصولوں کے منافی قرار دیا ہے اور واضح کیا ہے کہ یہ لیبیا سے متعلق اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کی قرار دادوں کی پامالی ہے۔ ترکی نے مداخلت کر کے عرب لیگ کے واضح موقف کی مخالفت کی ہے۔
سعودی خبررساں ادارے ایس پی اے کے مطابق سعودی کابینہ کا اجلاس منگل کو ریاض کے قصر یمامہ میں ہوا۔ خادم حرمین شریفین شاہ سلمان بن عبدالعزیز نے صدارت کی۔
سعودی کابینہ نے عراق میں جاری ہنگاموں اور سرگرمیوں کا تذکرہ کرتے ہوئے توجہ دلائی کہ عالمی برادری خطے کے امن و استحکام کو یقینی بنانے کے لیے ضروری اقدامات کرکے اپنا فرض ادا کرے۔
بحر احمر اور خلیج عدن کے ساحلی ممالک کو مل جل کر کام کرنا ہوگا (فوٹو:واس)
سعودی کابینہ نے خطے کے امن و استحکام کے لیے مشترکہ جد و جہد سے متعلق سعودی موقف اجاگر کرتے ہوئے کہا ہے کہ حالات کو دھماکہ خیز ہونے سے بچانے کے لیے خطے کے امن و استحکام کی خاطر مشترکہ جد و جہد نا گزیر ہے۔ درپیش صورتحال، دہشتگردانہ سرگرمیوں اور کشیدہ حالات کو مزید گرمانے کا نتیجہ ہے۔
سعودی کابینہ نے خلیج عدن اور بحر احمر کے ساحلی ممالک کے درمیان سیاسی، اقتصادی اور سلامتی کے شعبوں میں تعاون کو فروغ دینے کے سلسلے میں آٹھ رکنی کونسل کے کردار کی اہمیت پر روشنی ڈالتے ہوئے کہا کہ بحر احمر اور خلیج عدن کے ساحلی ممالک کو سیاسی، اقتصادی اور سلامتی کے شعبوں میں مل جل کر کام کرنا ہوگا۔
مشترکہ مفادات کے لیے جد و جہد کرنا ہوگی اور علاقائی و بین الاقوامی سطحوں پر امن و استحکام کے فروغ کے لیے اپنے وسائل بروئے کار لانا ہوں گے۔ ایسا آبی گزر گاہ سے مربوط مفادات کی تکمیل کے لیے اشد ضروری ہے۔ آبی گزر گاہ بین الاقوامی تجارت اور اقوام و ممالک کی تہذیب و ثقافت و تمدن کو جوڑے رکھنے کے لیے بیحد اہم ہے۔
سعودی کابینہ نے مملکت میں چین کے لمیٹڈ بینک کو اپنی شاخ کھولنے کے لائسنس کی منظوری دے دی۔ کابینہ نے وزیر خزانہ کو یہ اختیار بھی تفویض کردیا کہ جب بھی چینی لمیٹڈ بینک کو مملکت میں مزید شاخیں کھولنے کی ضرورت پیش آئے تو وہ از خود اس کی اجازت دے سکتے ہیں۔
چین کے لمیٹڈ بینک کو اپنی شاخ کھولنے کے لائسنس کی منظوری دے دی گئی (فوٹو: واس)
سعودی کابینہ نے مدینہ منورہ میں خادم حرمین شریفین شاہ سلمان بن عبدالعزیز کمپلیکس برائے حدیث نبوی شریف کے اصول و ضوابط کی بھی منظوری دی۔
شاہ سلمان نے اجلاس کے آغاز میں کابینہ کو نائیجر کے صد ر اور عراق کے صدر کے ساتھ اپنے ٹیلیفونک رابطوں اور خطے کے حالات پر گفت و شنید اور ان کے نتائج سے آگاہ کیا۔ انہوں نے بتایا کہ سعودی عرب نے ٹیلیفونک رابطوں کے دوران مملکت کے اس موقف کا پر زور طریقے پر اعادہ کیا کہ سعودی عرب دہشتگردانہ سرگرمیوں کے خلاف بر سر پیکار تھا، ہے اوررہے گا۔ اقوام و ممالک کے امن و استحکام کا خواہاں تھا، ہے اور رہے گا۔
شاہ سلمان نے امیر کویت کے لیے اپنے زبانی پیغام کے مضمون سے بھی کابینہ کے ارکان کو مطلع کیا۔
وزیر اطلاعات و نشریات ترکی بن عبداللہ الشبانہ نے کابینہ کے اجلاس کے بعد بتایا کہ کابینہ نے سعودی عرب اور کویت کے درمیان بری اور بحری علاقوں کی تقسیم کے معاہدے اور ضمیموں کی منظوری دے دی۔
کابینہ نے کویت کے ساتھ مفاہمتی یاد داشت اور اس کے ضمیموں کی بھی منظوری دی۔
سعودی عرب نے برقی توانائی کے سلسلے میں عراق کے ساتھ مفاہمتی یادداشت اور تیل، گیس، صنعت و معدنیات کے شعبوں میں مفاہمتی یاد داشتوں کی بھی منظوری دے دی۔
کابینہ نے برونڈی کے ساتھ سیاسی مشاورت کے سلسلے میں مفاہمتی یادداشت، سائنس و ٹیکنالوجی کے شعبے میں تعاون سے متعلق امریکہ کے ساتھ کیے گئے معاہدے میں توسیع کے پروٹوکول، ویتنام کے ساتھ سیاسی مشاورت کی مفاہمتی یادداشت، یونیسکو کے ساتھ تعاون کی مفاہمتی یاد داشت، قبرص کے ساتھ فضائی نقل و حمل کے شعبے میں معاہدے کی بھی منظوریاں دیں۔
سعودی کابینہ نے جاپان کے ساتھ خلائی ٹیکنالوجی اور سائنس کے شعبے میں تعاون کی مفاہمتی یادداشت کا اختیار سعودی خلائی ادارے کے چیئرمین کو تفویض کیا جبکہ اسپورٹس کے شعبے میں تعاون کے لیے کوریا کے ساتھ مفاہمتی یادداشت منظور کرلی گئی۔