Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

’شادی میں شرکت کرنی ہے تو انٹری فیس دینا ہوگی‘

امریکی دلہن نے ایسا اس لیے کیا تاکہ ان کے لیے اپنی شادی کے اخراجات پورے کرنا ممکن ہوسکے (فوٹو:اے ایف پی)
آپ جب بھی شادی بیاہ کی تقریبات میں شرکت کے لیے جاتے ہیں تو دولہا دلہن کے لیے تحائف تو ضرور ساتھ لے کر جاتے ہوں گے، نئے جوڑے کو نیک خواہشات کے ساتھ ساتھ اپنی خوشی سے کچھ رقم بھی تھما دی جاتی ہے۔ لیکن کیا آپ نے کبھی یہ سنا ہے کہ دلہن خود اپنی شادی میں شرکت کرنے والوں سے رقم کا تقاضا کرے؟
یقیناً نہیں! لیکن ہم آپ کو بتائیں کہ امریکہ میں ایک دلہن نے اپنی شادی میں شرکت کرنے والوں کے لیے انٹری فیس مقرر کردی ہے۔
امریکی دلہن نے ایسا اس لیے کیا تاکہ ان کے لیے اپنی شادی کے اخراجات پورے کرنا ممکن ہوسکے۔
فوکس نیوز کے مطابق امریکی سوشل نیوز ویب سائٹ ریڈاِٹ پر ڈینٹی شیپ کے نام سے 19 سالہ صارف نے لکھا کہ ان کی کزن کی شادی اتوار کو ہورہی ہے اور انہوں نے یہ اعلان کیا ہے کہ جو کوئی ان کی شادی میں شرکت کرنا چاہتا ہے اسے 50 ڈالر دینا ہوں گے۔ انہوں نے کہا ہے کہ رقم کی منتقلی کی سمارٹ فون ایپ وینمو کے ذریعے بھی یہ انٹری فیس ادا کی جاسکتی ہے تاکہ انہیں اس فیس کی ادائیگی کے لیے قطار میں نہ کھڑا ہونا پڑے اور ایسے مہمان جو پہلے ہی رقم کی ادائیگی کردیں گے ان کے نام ’خصوصی مہمانوں کی فہرست‘ میں شامل کرلیے جائیں گے۔‘

دلہن نے یہ اعلان کیا ہے کہ جو کوئی ان کی شادی میں شرکت کرنا چاہتا ہے اسے 50 ڈالر دینا ہوں گے (فوٹو:ان سپلیش)

دلبرداشتہ لڑکی نے مزید بتایا کہ جب انہوں نے شادی میں شرکت کے لیے یہ فیس ادا کرنے سے انکار کیا تو ان کی کزن جس کی شادی ہونے جارہی تھی، نے خاندان کے بڑوں سے رابطہ کیا جس کے بعد یہ ساری صورتحال ان کے لیے شرمندگی کا باعث بن گئی۔
’وہ اپنی شادی پر خرچ کی گئی رقم کو اس طریقے سے واپس وصول کرنا چاہتی تھی۔ میں نے اسے بتایا کہ میں اس طرح شادی میں شریک نہیں ہوسکوں گی کیونکہ میرے لیے اتنی رقم کا بندوبست کرنا مشکل ہوگا۔ اس (کزن) نے میری آنٹی سے رابطہ کیا اور انہوں نے مجھے بدتمیز اور گھٹیا کہا۔ میرے والدین نے میری انٹری کی رقم دینے کی پیشکش کی لیکن میں نے انکار کردیا۔‘
یہ بات تو درست ہے کہ آج کل شادیاں واقعی اتنی مہنگی ہوچکی ہیں کہ ایک عام آدمی کے لیے شاندار طریقے سے شادی کا انتظام کرنا مشکل ہوگیا ہے مگر کیا اخراجات پورے کرنے کا یہ طریقہ مناسب ہے؟ 

شیئر: