لمز کے 22 طلبہ سکیئنگ کے لیے گلگت گئے تھے۔ فوٹو: آئی ایس پی آر
گلگت میں برف باری اور لینڈ سلائیڈنگ کے باعث پانچ دن سے پھنسے لاہور یونیورسٹی آف مینیجمنٹ سائنسز کے طلبہ کو پاکستانی فوج نے محفوظ مقام پر پہنچا دیا ہے۔
پاکستانی فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کی جانب سے جاری ایک بیان کے مطابق لمز کے 22 طلبہ سکیئنگ کے لیے گلگت گئے تھے۔
تاہم برف باری اور لینڈ سلائیڈنگ کے نتیجے میں وہ وہاں پھنس گئے جس کے بعد لمز انتظامیہ نے پاک فوج سے رابطہ کیا۔
پاک فوج کے سربراہ جنرل قمر جاوید باجوہ نے پھنسے ہوئے طلبہ کو ہیلی کاپٹر سے جلد محفوظ مقام پر لانے کی ہدایات جاری کیں۔
پاک فوج کی امدادی کارروائی کے بعد لمز کے 13 لڑکے اور نو لڑکیاں بحفاظت گلگت بلتستان کے ضلع استور کے گاؤں رتو سے راولپنڈی پہنچا دیے گئے تھے اوراب وہ اپنے گھروں کو روانہ ہو چکے ہیں۔
موسم کی خرابی کے باعث مشہور سیاحتی مقامات اکثر ایسے حادثات کی زد میں آجاتے ہیں جن میں بروقت امدادی کارروائی کی ضرورت ہوتی ہے۔
گذشتہ سال جون میں مری میں چئیرلفٹ کے رکنے سے متعدد سیاح پھنس گئے تھے۔ تاہم پاک فوج نے بروقت امدادی کارروائی کر کے پھنسے ہوئے تمام افراد کو بحفاظت نیچے پہنچایا تھا۔
اس سے قبل جنوری میں پاک فوج نے کارروائی کر کے نتھیا گلی میں پھنسے سیاحوں کو بھی نکالا تھا۔
نتھیا گلی کے قریب توحید آباد کے علاقے میں برف میں پھنسے ہوئے سیاحوں کو امدادی کارروائی کے ذریعے بچایا گیا تھا۔ شدید برف باری میں سیاحوں کی کئی گاڑیاں پھنس گئی تھیں۔ آئی ایس پی آر کے مطابق علی الصباح سوا تین بجے شدید حالات میں ریسکیو آپریشن شروع کیا گیا تھا اور برف میں پھنسے لوگوں کو مری اور کالا باغ میں محفوظ مقامات پر پہنچایا گیا۔ آئی ایس پی آر کے مطابق آپریشن میں پاک آرمی، پاک فضائیہ، کوئیک ریلیف فورس اور ریسکیو 1122 نے حصہ لیا تھا۔