محبت میں فرار ہونے والا جوڑا جوانی کے زمانے سے دوست تھا (فوٹو اے ایف پی)
انڈیا کی ریاست گجرات میں نوجوان پریمی جوڑے کا شادی کا منصوبہ اس وقت چوپٹ ہو گیا جب ان کے والدین اچانک گھر سے غائب ہو گئے۔
اہل خانہ کے خیال میں لڑکی کی 46 سالہ ماں اور لڑکے کا 48 سالہ باپ ایک کے ساتھ شادی کرنے کے لیے گھر سے بھاگ گئے ہیں۔ دونوں ایک دوسرے کو جوانی کے زمانے سے جانتے تھے اور اچھے دوست بھی رہ چکے ہیں۔
ٹائمز آف انڈیا کے مطابق نوجوان جوڑے کی شادی فروری کے دوسرے ہفتے کے لیے طے تھی اور منگنی کے بعد گذشتہ ایک سال سے شادی کی تیاریاں جاری تھیں۔
گجرات کے شہر سورت کے رہائشی نوجوان جوڑے کا تعلق ایک ہی برادری سے ہے۔
اہل خانہ کے علاوہ کمیونٹی کے بزرگوں کو بھی اس رشتے کے حوالے سے اعتماد میں لیا گیا تھا۔
شادی کی تیاریاں جاری تھیں کہ چند دن پہلے لڑکی کی والدہ، سواتی اور لڑکے کے والد، راکیش گھر سے فرار ہو گئے۔
دونوں خاندانوں نے ’گمشدگی‘ کی رپورٹ بھی پولیس تھانے میں جمع کروائی ہوئی ہے۔
جوڑے کے اہل خانہ کا کہنا ہے کہ راکیش اور سواتی کئی برسوں سے ایک دوسرے کو جانتے ہیں اور ہمسائے بھی رہ چکے ہیں۔
’راکیش اور سواتی کے بھاگنے کے بعد ان کے دوستوں سے ہمیں معلوم ہوا کہ ماضی میں بھی دونوں کا تعلق تھا، لیکن سواتی کی منگنی ان کے موجودہ شوہر سے ہو گئی تھی۔‘
لڑکے کے والد، راکیش کا ٹیکسٹائل کا کاروبار ہے اور وہ کسی سیاسی جماعت سے بھی وابستہ ہیں۔ جبکہ سواتی کے شوہر ہیرے کے کاروبار سے منسلک رہ چکے ہیں۔
راکیش اور سواتی نے تو فرار میں ہی اپنی ادھوری محبت کو پانے کا واحد حل سمجھا، لیکن اہل خانہ کے لیے یہ شدید شرمندگی کا سبب بن گیا ہے۔
سوشل میڈیا پر دونوں کی محبت پر نہ صرف تبصرے ہو رہے ہیں بلکہ ان کی تصاویر بھی شیئر کی جا رہی ہیں۔