گزشتہ سال ایک لاکھ 78 ہزار 124بچوں کو قطرے پلائے گئے(فوٹو سبق)
سعودی عرب کے مشرقی ریجن جازان کے دور دراز پہاڑی علاقوں میں محکمہ صحت کی جانب سے پانچ سال تک کے بچوں کو پولیو سے بچاو کی مہم میں قطرے پلائے جا رہے ہیں۔
سبق نیوز کے مطابق وزارت صحت کی جانب سے قومی مہم کے تحت جازان کے محکمہ صحت نے دور دراز علاقوں میں بسنے والوں کو پولیو سے بچنے اور مہم سے آگاہ کرنے کا آغاز کیا ہے۔
انسداد پولیومہم میں محکمہ صحت جازان کے عملے کے لیے موسمی صورتحال اور ناہموار پہاڑی راستے ان کے فرائض کی ادائیگی میں کسی قسم کی رکاوٹ ثابت نہیں ہو رہے۔
تفصیلات کے مطابق جازان محکمہ صحت کے کارکنوں کی ٹیم جس میں پرائمری ہیلتھ کیئر سنٹر کے ڈائریکٹر جابر عبداللہ ابدالی اور ٹیکنیشن عبداللہ مہدی شامل ہیں انہوں نے مڈل سیکٹر کے ڈائریکٹر موسی احمد الففی کی نگرانی میں الودافہ کے علاقے میں العبادل پہاڑ پر رہنے والوں کے بچوں کو پولیو سے بچاو کے قطرے پلانے کی مہم جاری رکھی ہوئی ہے۔
ہیلتھ ٹیم نے تیسرے روز اپنا مشن جاری رکھتے ہوئے متعدد لوگوں کے گھروں میں جاکر ملاقات کی اور بچوں کی اس خطرناک بیماری کے بارے میں انہیں آگاہ کیا اور محکمہ صحت کی جانب سے خدمات فراہم کیں۔
جازان ریجن کے محکمہ صحت کی جانب سے اعدادوشمار جاری کرتے ہوئے واضح کیا گیا ہے کہ گزشتہ سال پولیو سے بچاو کی مہم کے دوران جو ہدف متعین کئے گئے تھے اس پر 100فیصد کامیابی حاصل ہوئی تھی اور مختلف گروپوں نے دور دراز اور خطرناک پہاڑی راستوں سے گزرتے ہوئے یہاں پر بسنے والے ان افراد کے بچوں کو پولیوسے بچاو کے قطرے پلائے تھے۔
اعداد وشمار میں بتایا گیا ہے کہ گذشتہ سال ایک لاکھ 78 ہزار 124 بچوں کو قطرے پلائے گئے تھے۔