اسلام آباد ہائی کورٹ میں وفاقی وزیر فیصل واوڈا کو نااہل قرار دینے کی پٹیشن دائر کر دی گئی ہے۔
وکیل میاں محمد فیصل کی جانب سے دائر درخواست میں استدعا کی گئی ہے کہ وفاقی وزیر فیصل واوڈا کو دہری شہرت رکھنے کی بنیاد پر بطور ممبر قومی اسمبلی نااہل قرار دیا جائے۔
درخواست کے مطابق وفاقی وزیر 2018 کے عام انتخابات میں کاغذات نامزدگی جمع کرواتے وقت امریکی شہریت رکھتے تھے اور انہوں نے الیکشن کمیشن میں جھوٹا حلف نامہ جمع کروایا۔
مزید پڑھیں
-
کالا باغ ڈیم پر بھی اسٹڈی کروں گا،فیصل واوڈاNode ID: 386286
-
فیصل واوڈا فوجی بوٹ پروگرام میں لے آئےNode ID: 453156
-
فیصل واوڈا کی ٹی وی ٹاک شوز میں شرکت پر پابندیNode ID: 453481
درخواست میں موقف اختیار کیا گیا ہے کہ فیصل واوڈا نے امریکی شہریت چھپائی اور الیکشن کمیشن میں حلف نامہ جمع کروایا کہ وہ دہری شہریت نہیں رکھتے۔
درخواست کے مطابق ’فیصل واوڈا نے 11 جون 2018 کو الیکشن کمیشن میں کاغذات نامزدگی جمع کروائے جس میں انہوں نے دہری شہریت ظاہر نہیں کی تاہم وہ کاغذات نامزدگی کی جانچ پڑتال کے وقت بھی امریکی شہریت رکھتے تھے۔ سپریم کورٹ اپنے فیصلے میں واضح کر چکی ہے کہ دہری شہریت رکھنے والے امیدوار دوہری شہریت چھوڑنے کا سرٹیفیکیٹ کاغذات نامزدگی کے ساتھ جمع کروائیں۔ اور یہ حلف نامہ سپریم کورٹ میں جمع کروانے کے مترادف ہوگا۔‘
درخواست میں کہا گیا ہے کہ فیصل واوڈا کے کاغذات 18 جون 2018 کو منظور ہوئے جبکہ انہوں نے امریکی شہریت چھوڑنے کے لیے درخواست 22 جون 2018 کو جمع کروائی۔
![](/sites/default/files/pictures/January/36476/2020/vawda.jpg)
درخواست میں استدعا کی گئی ہے کہ فیصل واوڈا نے جان بوجھ کر امریکی شہریت چھپا کر بد دیانتی کی ہے، عدالت فیصل واوڈا کی قومی اسمبلی رکنیت ختم کرے اور انہیں نااہل قرار دے۔
درخواست میں الیکشن کمیشن، سیکرٹری قومی اسمبلی، سیکرٹری وزارت قانون و انصاف اورسیکرٹری کیبنٹ ڈویژن کو فریق بنایا گیا ہے۔
واضح رہے کہ الیکشن کمیشن میں بھی فیصل واوڈا کو نااہل قرار دینے کی درخواست جمع کرائی جا چکی ہے جس پر الیکشن کمیشن نے تمام فریقین کو نوٹس جاری کرتے ہوئے تین فروری کو سماعت کے لیے مقرر کیا ہے۔
-
واٹس ایپ پر پاکستان کی خبروں کے لیے ’اردو نیوز‘ گروپ جوائن کریں