میلے میں مصر کے معروف ہدایتکار خیری بشارة کی نمایاں فلمیں دکھائی جائیں گی (فوٹو:سوشل میڈیا)
سعودی عرب کے شہرجدہ کی تاریخ میں پہلی مرتبہ 12مارچ 202 کوانٹرنیشنل ریڈ سی فلمی میلہ سجنے جارہا ہے۔
المدینہ اخبار کے مطابق فلمی میلہ الاربعین جھیل کے کنارے سٹی سینٹر میں منعقد ہوگا۔ میلے میں مصر کے معروف ہدایتکار خیری بشارة کی نمایاں فلمیں دکھائی جائیں گی اور ان کی فلموں میں کام کرنے والے اداکار اور اداکارائیں بھی میلے میں شریک ہوں گی۔
انتظامیہ کے مطابق پانچ سعودی ہدایت کار خواتین مشترکہ پروگرام پیش کریں گی۔ یہ پروگرام مختصر فلموں پر مشتمل ہوگا۔
یہ منصوبہ فلمی صنعت میں سعودی خواتین کو اپنا موثر کردار پیش کرنے اور اپنی صلاحیتوں کو اجاگر کرنے کے لیے ترتیب دیا جارہا ہے۔
پروگرام کے مطابق ہند الفھاد، جواہر العامری، نور الامیر، سارہ مسفر اور فاطمہ البنوی پانچ مختصر فلمیں پیش کریں گی۔ متعدد ایوارڈ یافتہ فلسطینی فلم ساز سھی عراف نے پانچوں فلموں کو جدید طرز پر تیار کیا ہے۔
فلموں کا انتخاب فلمی میلے کی سپیشل کمیٹی نے کیا ہے اور یہ بات مدنظر رکھی گئی ہے کہ مختلف قسم کی پرکشش کہانیاں فلموں کے ذریعے پیش کی جائیں۔
اس بات کا بھی اہتمام کیا گیا ہے کہ فلموں میں ابھرتے ہوئے نئے چہرے اور نئے گلوکاروں کو متعارف کرایا جائے۔ فلموں کی کہانیاں اور تصورات سعودی سماج کے عکاس ہوں۔
فلموں کی کہانیاں سعودی خواتین کی زندگی پر مبنی ہیں۔ ان کے ذریعے معاشرے میں خواتین کا حقیقی منظر نامہ پیش کرنے کی کوشش کی گئی ہے۔