اکثر زائرین پیدل مسجد قباء جانے کے لیے اسی راستے کا انتخاب کرتے ہیں (فوٹو: ایس پی اے)
مدینہ منورہ میں دنیا بھر سے آنے والے زائرین میں 'جادۃ قباء' (قباء کا راستہ) بے انتہا مقبول ہو رہا ہے۔ پاکستانی زائرین کا کہنا ہے کہ شہر کی انتظامیہ کی جانب سے مسجد نبوی سے مسجد قباء جانے والے راستے کو اس قدر خوبصورت بنانا مثالی کارنامہ ہے۔
'قصہ المکان' وڈیو سینٹر میں اسلامی تاریخ سے متعلق فلمیں دکھائی جاتی ہیں۔ (فوٹو: ایس پی اے)
واضح رہے مسجد نبوی سے مسجد قباء جانے والے راستے کو اس خوبصورتی سے تیار کیا گیا ہے کہ تین کلو میٹر طویل مسافت دیکھتے دیکھتے طے ہو جاتی ہے۔ راستے میں اشیائے خوردونوش کے خوبصورت خوانچے بھی بنائے گئے ہیں، راستے کو سبز لائٹوں سے سجایا گیا ہے جو رات کو انتہائی دیدہ زیب منظر پیش کرتا ہے۔ اکثر زائرین اسی راستے سے مسجد قباء جاتے ہیں۔
پیدل مسجد قبا جانے والے راستے پر انتظامیہ کی جانب سے خصوصی موٹرسائیکل رکشا کی سہولت بھی فراہم کی گئی ہے۔ رکشا میں دو افراد کے بیٹھنے کی گنجائش ہے اور ایک رکشا کا کرایہ 6 ریال مقرر کیا گیا ہے۔
سبزلائٹوں سے سجایا گیا راستہ رات کو خوبصورت منظر پیش کرتا ہے (فوٹو: ایس پی اے)
جادۃ قباء کے راستے میں ' قصہ المکان 'کے عنوان سے ایک نمائش گاہ بھی بنائی گئی ہے جہاں اسلامی تاریخی مقامات کی فلمیں تھری ڈی گلاسز کے ذریعے دکھائی جاتی ہیں۔ وڈیو سینٹر میں اردوسمیت سات زبانوں کے ترجمے کا بھی خصوصی بندوبست کیا گیا ہے۔
نمائش گاہ کے دو ہال ہیں ہر ہال میں 45 افراد کے بیٹھنے کا انتظام کیا گیا ہے۔ سینٹر کے اوقات صبح 8 سے دوپہر اور عصر کے بعد سے رات ساڑھے 11 بجے تک ہیں۔
جادہ قباء کے بارے میں پاکستان سے عمرہ پر آنے والے زائر حاجی عبدالسلام نے اردونیوز سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ ' اس راستے کے بارے میں پاکستان میں سنا تھا، میری بڑی خواہش تھی کہ جب عمرہ کے لیے سعودی عرب آؤں تو اس شاہراہ پر جاؤں یہاں آکرمجھے میرے خواب کی تعبیر مل گئی۔‘
موٹرسائیکل رکشا میں 2افراد کے بیٹھنے کی گنجائش ہے (فوٹو: ایس پی اے)
ایک اور زائر کا کہنا تھاکہ 'میں 10 برس قبل عمرہ کے لیے آیا تھا اس وقت مدینہ منورہ میں اتنی سہولتیں نہیں تھیں اب تو یہاں کا پورا نقشہ ہی تبدیل ہو چکا ہے، پہلے مسجد قباء جانے کے لیے ٹیکسی کا استعمال کرتے تھے مگر اب اس راستے ' جادۃقباء ' آکر ایسا لگتا ہے کہ کسی اور ہی شہر میں آگیا ہوں۔ شہر نبی کو اس قدر خوبصورت بنا دیا گیا ہے کہ اسے لفظوں میں بیان کرنا ممکن ہی نہیں۔‘
وڈیو سینٹر میں اردوسمیت 7 زبانوں کے ترجمے کا بھی خصوصی بندوبست کیا گیا ہے (فوٹو،ایس پی اے)
واضح رہے مدینہ منورہ کی انتظامیہ کی جانب سے گذشتہ ہفتے میدان احد جانے کے لیے 'جادۃ احد' کے نام سے راستہ کا اعلان کیا گیا تھا جو جادہ قباء کی طرز پر ہی بنایا جارہا ہے اس کی مسافت 5 کلو میٹر ہے۔