Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

’داخلی پروازوں کے ٹکٹ سستے کیے جائیں‘

معذوروں اور بوڑھوں کے لیے ٹکٹوں پر مزید خصوصی رعایت دی جائے (فوٹو: سوشل میڈیا)
سعودی مجلس شوریٰ نے فضائی کمپنیوں سے کہا ہے کہ داخلی پروازوں کے ٹکٹ مزید سستے کیے جائیں۔
معذوروں اور بوڑھوں کے لیے داخلی اور خارجی پروازوں کے ٹکٹوں پر مزید خصوصی رعایت دی جائے۔
المدینہ اخبار کے مطابق مجلس شوریٰ میں انفارمیشن ٹیکنالوجی اینڈ ٹرانسپورٹ کمیٹی نے محکمہ شہری ہوابازی سے کہا ہے کہ فضائی کمپنیوں کو معذوروں اور بوڑھوں کے لیے داخلی اور خارجی پروازوں کے ٹکٹوں میں مزید رعایت دینے پر آمادہ کیا جائے۔

 شوریٰ نےسفارش کی کہ طائف ایئرپورٹ کو جدید خطوط پر استوار کیا جائے (فوٹو: سوشل میڈیا)

مجلس شوریٰ نے ہوائی اڈوں کی بنیادی خدمات اور طیاروں کی اصلاح و مرمت کا معیار بھی بلند کرنے کا کہا ہے۔ ’طائف ایئرپورٹ کو جدید خطوط پر استوار کیا جائے اور اس میں توسیع بھی کی جائے۔‘
کنگ عبدالعزیز انٹرنیشنل ایئرپورٹ جدہ کا بوجھ ہلکا کرنے کے لیے خصوصی اقدامات کیے جائیں۔
شوریٰ کی خصوصی کمیٹی نے سفارش کی ہے کہ شہری ہوابازی کی سرگرمیوں اور شعبوں کی نجکاری کے لیے ترجیحی بنیادوں پر جامع سٹریٹیجک منصوبہ بنایا جائے۔
سعودی اور غیر ملکی سرمایہ کاروں کو ہوائی اڈوں کے مختلف منصوبوں میں حصہ لینے کے لیے خصوصی پالیسی بنائی جائے اور انہیں ترغیب بھی دی جائیں۔
شوریٰ کی ٹرانسپورٹ کمیٹی نے محکمہ شہری ہوابازی سے یہ بھی مطالبہ کیا کہ بڑے منصوبوں کو چھوٹے چھوٹے منصوبوں میں تقسیم کیا جائے اور ٹھیکے سپیشلسٹ اور اہل کمپنیوں کو دیے جائیں۔

 رعایت فضائی کمپنیوں کی اپنی مالی پوزیشن پر منحصر ہوگی (فوٹو: سوشل میڈیا)

شوریٰ نے سفارش کی ’ سعودی عریبین ایئرلائنز بوڑھوں اور معذوروں کو اپنی تمام داخلی پروازوں پر مراعات دے‘۔
’ناس کمپنی بوڑھوں اور یونیورسٹیوں کے طلبہ کو صرف داخلی پروازوں پر رعایت دے۔‘ 
جہاں تک دیگر قومی فضائی کمپنیوں کا تعلق ہے تو محکمہ شہری ہوابازی انہیں معاشرے کے ان طبقوں کے لیے اپنی پروازوں پر خصوصی رعایت دینے پرآمادہ ہو۔ یہ رعایت فضائی کمپنیوں کی اپنی مالی پوزیشن پر منحصر ہوگی۔
 

شیئر: