Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

بالی وڈ کے ’دبنگ خان‘ سائیکل مکینک کے سوا روپے کے مقروض

سلمان خان کو ہمیشہ سے ہی فٹنس کا کریز رہا ہے (فوٹو: سوشل میڈیا)
بالی وڈ سپرسٹار سلمان خان کو ہمیشہ سے ہی فٹنس کا کریز رہا ہے۔ جم میں ورزش کرتے اور ’وی شیپ‘ باڈی بنانے کی تصاویر اکثر سلمان خان اپنے سوشل میڈیا اکاؤنٹس سے شیئر کرتے رہتے ہیں۔
لیکن گذشتہ کچھ مہینوں سے انہوں نے سائیکلنگ کو بھی اپنی ورزش کے معمول کا حصہ بنایا ہوا ہے۔ حال ہی میں سلمان خان نے ممبئی کی سڑکوں پر سائیکل چلاتے ہوئے اپنی ویڈیو سوشل میڈیا پر شیئر کی اور ساتھ ہی لوگوں کو فٹ رہنے کا پیغام دیا۔
دبنگ خان کو سائیکل کا شوق بچپن کے مکینک ’کاکا‘ کے پاس لے گیا جنہوں نے ایک پرانی یاد تازہ کرا کے بالی وڈ سٹار کو شرمندہ کر دیا۔
حال ہی میں ممبئی میں منعقد ہونے والی ’امنگ‘ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے سلمان خان نے بتایا کہ وہ اپنی سائیکل کی مرمت کروانے گئے تو انہوں نے بچپن کے واقف مکینک ’کاکا‘ سے پیسے بعد میں ادا کرنے کی گذزارش کی۔
جس پر مکینک کاکا نے جواب دیا کہ ’تو بچپن میں بھی ایسا ہی کرتا تھا۔‘
مکینک نے سلمان خان کو یاد دلایا کہ وہ ان کے سوا روپے کے مقروض ہے۔ ’تو نے ایک بار بہت پہلے سائیکل ٹھیک کرائی تھی اور آج تک اس کے پیسے نہیں دیے۔ تیرا آج بھی سوا روپیہ ادھار ہے۔‘
سلمان خان نے بتایا کہ ان کو یہ سن کر شرمندگی تو ضرور ہوئی لیکن بعد میں جب انہوں نے قرض لوٹانے کی کوشش کی تو ’کاکا‘ نے پیسے لینے سے انکار کر دیا۔
سلمان خان نے تنگ دستی کے دنوں کا ایک اور قصہ سناتے ہوئے بتایا کہ ہر جدوجہد کرتے ہوئے نوجوان کی طرح ان کی زندگی میں بھی ایسے دن تھے جب وہ سکوٹر چلایا کرتے تھے اور پیسے بچانے کے لیے وہ آدھا کیروسین اور آدھا پٹرول سکوٹر میں ڈلواتے تھے۔
’دبنگ خان‘ آج کل اپنی نئی فلم ’رادھے‘ کی شوٹنگ میں مصروف ہیں۔ کہا جا رہا ہے کہ یہ کورین فلم ’آؤٹ لاز‘ کی کاپی ہے۔ فلم میں جیکی شروف کا بھی اہم کردار ہے۔

شیئر: