پشاور زلمی اور یو این ایچ سی آر کے درمیان پارٹنرشپ
جمعرات 13 فروری 2020 18:43
جاوید آفریدی کا کہنا تھا کہ دنیا بھر میں مہاجرین کی آبادکاری بڑا مسئلہ ہے۔
میڈیا اور برانڈ ویلیو کے لحاظ سے پاکستان سپر لیگ کی نمبرون فرنچائز پشاور زلمی اور اقوام متحدہ کے ادارہ برائے مہاجرین ) UNHCR) کے درمیاں پارٹنرشپ قائم ہوگئی ہے۔
پارٹنرشپ کے تحت پشاور زلمی اور یو این ایچ سی آر پاکستان سپر لیگ کے دوران دنیا بھر کے مہاجرین کے مسائل کو اجاگر کرنے کے لیے اپنا کردار ادا کریں گے۔
اس حوالے سے پشاور زلمی اور یو این ایچ سی آر کے درمیان ایم او یو پر اسلام آباد میں منعقد ایک تقریب کے دوران پر دستخط کیے گئے۔
پشاور زلمی کے چیئرمین جاوید آفریدی اور یو این ایچ سی آر کے ڈائریکٹر ریجنل فار ایشیا اینڈ پیسیفک انرریکا راٹواٹ نے ایم او یو پر دستخط کیے۔
اس موقع پر جاوید آفریدی کا کہنا تھا کہ دنیا بھر میں مہاجرین کی آبادکاری بڑا مسئلہ ہے اور ہمیں خوشی ہے کہ پاکستان سپر لیگ کے دوران پشاور زلمی اور یو این ایچ سی آر اس حوالے سے آگاہی مہم کا حصہ ہوں گے۔
اندریکا راٹواٹ نے کہا پشاور زلمی کے چیئرمین جاوید آفریدی یو این ایچ سی آر کے یوتھ ایمبیسڈر کے طور پر پہلے ہی بڑا فعال کردار ادا کر رہے ہیں اور پی ایس ایل جیسے گلوبل کرکٹ ٹورنامنٹ میں زلمی کٹ پر یو این ایچ سی آر کا لوگو دنیا بھر میں مہاجرین کے مسائل کو اجاگر کرنے میں مدد دے گا۔
جاوید آفریدی نے اس موقع پر اندریکا راٹواٹ کو زلمی کا شرٹ بھی پیش کی۔