مختلف علاقوں میں موسم گرد آلود رہے گا جبکہ جنوبی اور شمالی علاقوں میں بارش کی توقع ہے (فوٹو:سبق)
سعودی عرب کے بیشتر شہروں میں آج موسم گرد آلود رہے گا جبکہ جنوبی اور شمالی علاقوں میں گرج چمک کے ساتھ بارش کی بھی توقع ہے۔
سبق ویب سائٹ کے مطابق محکمہ موسمیات نے کہا ہے کہ جمعہ اور ہفتہ کی درمیانی شب سے لے کر ہفتہ کی صبح تک مشرقی ریجن کی الاحساء، الجبیل، الخبر، دمام، قطیف اور راس تنورہ میں دھند چھائی رہی۔
محکمے نے بتایا ہے کہ ’اسی طرح کی دھند شمالی حدود ریجن میں بھی چھائی رہی تاہم یہ آج ہفتہ کو بھی رات گئے تک رہے گی۔‘
محکمے نے کہا ہے کہ ’الجوف ریجن میں گھنے بادل چھائے رہیں گے جن کے باعث گرج چمک کے ساتھ بارش کی توقع ہے۔ یہ کیفیت اتوار کی فجر تک جاری رہے گی۔‘
مدینہ منورہ ریجن کے موسم کے حوالے سے محکمے نے کہا ہے کہ ’دن بھر گرد و غبار رہے گا جس کے باعث حد نگاہ متاثر رہے گی۔ ہوا میں بھی گرد محسوس کی جائے گی۔ یہ کیفیت اتوار کی صبح تک رہے گی۔‘
محکمے نے بتایا ہے کہ ’ریاض شہر اور اس کی مختلف کمشنریوں میں بھی موسم گرد آلود رہے گا۔ الداودمی اور عفیف میں حد نگاہ متاثر رہے گی۔‘
مکہ مکرمہ ریجن کے حوالے سے محکمہ موسمیات نے کہا ہے کہ ’مکہ مکرمہ شہر کے علاوہ جدہ، قنفذہ، خلیص، بحرہ، رابغ، رنیہ اور عرفات میں موسم گرد آلود رہے گا۔ فضا میں غبار چھایا رہے گا۔ یہ کیفیت آج شام 7 بجے تک رہے گی۔‘