Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

نجی اداروں کے لیے ’بیسٹ لیبر ایوارڈ‘ کا اعلان

نجی سیکٹرمیں سعودائزیشن بہتر بنانے کے لیے فیصلہ کیا ہے (فوٹو: سوشل میڈیا)
سعودی وزیر محنت و سماجی بہبود آبادی انجینئر احمد سلیمان الراجحی نے نجی سیکٹر میں سعودائزیشن کے عمل کی بہتری اور مقامی لیبر مارکیٹ میں بہتر ماحول فراہم کرنے والے ادارے اور کمپنیوں کے لیے بہترین کارکردگی ایوارڈ دینے کا فیصلہ کیا ہے۔
وزیر محنت کے مطابق ’نجی شعبے میں سعودائزیشن کے عمل کو بہتر بنانے کے لیے ہر ممکن اقدامات کیے جا رہے ہیں۔ ہماری کوشش ہے کہ زیادہ سے زیادہ سعودی نوجوانوں کو روزگار کے مواقع میسر کیے جائیں۔ وزارت محنت و دیگر وزارتوں کے اشتراک و تعاون سے سعودائزیشن کے عمل کو بہتر بنانے کے لیے متعدد منصوبوں پر عمل کیا جا رہا ہے۔
سعودی خبر رساں ایجنسی ’ایس پی اے‘ کے مطابق وزیر محنت کی جانب سے ’لیبر ایوارڈ‘ کو دو مرکزی شعبوں میں تقسیم کیا گیا ہے۔ پہلا ایوارڈ سعودائزیشن جبکہ دوسرا ’کام کے لیے بہترین ماحول کی فراہمی‘ کے حوالے سے دیا جائے گا۔

’لیبر ایوارڈ‘ کو 2 مرکزی شعبوں میں تقسیم کیا گیا ہے۔فوٹو :سوشل میڈیا

وزیر محنت انجینئر احمد الراجحی کا مزید کہنا تھا ’پرائیوٹ سیکٹر میں سعودائزیشن کے عمل کو ہر صورت میں بہتر بنایا جائے گا۔اس حوالے سے بہترین کارکردگی ایوارڈز جاری کیے جائیں گے۔ سعودائزیشن کے علاوہ ایسی کمپنیاں یا صنعتیں جہاں کارکنوں کو بہترین ماحول فراہم کیا جاتا ہے انہیں بھی کارکردگی ایوارڈز سے نوازا جائے گا‘۔
دریں اثناء ڈپٹی وزیر محنت و سماجی بہبود آبادی ڈاکٹر عبداللہ ابوتنین نے کہا وزیر محنت کی جانب سے جاری ایوارڈ سے جہاں سعودائزیشن کا عمل بہتر ہوگا وہاں کمپنیوں اور اداروں میں کارکنوں کو بھی بہتر ماحول میسر آئے جو آجر و اجیر دونوں کے لیے مفید ثابت ہوگا۔
بہتر ماحول میں کام کرنے سے کارکنوں کی نفسیات اچھی رہتی ہے جس سے کام کا معیار بھی بہتر ہوتا ہے۔ صنعتوں کے لیے بہتر ماحول کی فراہمی پیداوار پر مثبت اثرات کی ضمانت ہیں۔
بہترین ماحول کے ایوارڈ کے حوالے سے نائب وزیر محنت کا کہنا تھا ’ایوارڈ کو تین کیٹگریز میں تقسیم کیا گیا ہے جن میں ’بہترین عمومی ماحول‘، بہترین ماحول برائے خواتین کارکن اور تیسراایوارڈ ’سلامتی اور کارکنوں کی صحت‘ شامل ہیں۔

پہلا ایوارڈ سعودائزیشن جبکہ دوسرا ’کام کے لیے بہترین ماحول‘ پر دیا جائے گا (فوٹو: سوشل میڈیا)

ایوراڈ میں شمولیت کے حوالے سے مقررہ شرائط کے حوالے سے نائب وزیر محنت کا کہنا تھا ’وہ ادارے جنہیں کام کرتے ہوئے کم از کم تین برس ہو چکے ہیں، حکومتی ادارے اس ایوارڈ میں شامل نہیں ہو سکتے۔
بہترین سعودائزیشن کے حوالے سے ایوارڈ میں شامل ہونے والے اداروں کے لیے لازمی ہے کہ وہ وزارت کے درجہ بندی ( نطاقات ) پروگرام کی پلاٹینیم کیٹگری میں ہوں۔ ماحوال کے ایوارڈ کے لیے ریڈ زون والے ادارے اس مقابلے میں شرکت کرنے کے اہل نہیں۔
وزارت محنت کی جانب سے انٹرنیٹ پر سروے فارم اپ لوڈ کیاجائے گا۔ کمپنی یا ادارے کے ملازمین سروے فارم پر کر کے اسے وزارت کی ویب پر اپ لوڈ کر دیں گے جس کے بعد جائزہ لے کر ایوارڈ کے لیے نامزد کیا جائے گا۔

شیئر: