نشے میں دھت شوہر نے بیوی کو آگ لگا دی
جمعرات 20 فروری 2020 15:04
آگ لگنے سے خاتون کے جسم کا 50 فیصد حصہ جھلس گیا ( فوٹو: عاجل)
نشے میں دھت ایک شہری نے اپنی بیوی پر پیٹرول چھڑک کر آگ لگا دی۔
یہ واقعہ سعودی عرب کے جازان ریجن کے دیہی علاقے صلیبہ میں پیش آیا جس کی اطلاع ملتے ہی پولیس نے ملزم کو گرفتار کر لیا۔
عاجل ویب سائٹ کے مطابق جازان ریجن پولیس کے ترجمان نے کہا ہے کہ ’محکمہ شہری دفاع کو صلیبہ دیہی علاقے میں واقع ایک مکان میں آگ لگنے کی اطلاع ملی تھی‘۔
انہوں نے کہا ہے کہ ’شہری دفاع نے آتشزدگی پر قابو پا لیا اور گھر میں خاتون اور اس کے شوہر کو زخمی حالت میں ہسپتال منتقل کر دیا‘۔
ترجمان نے بتایا ہے کہ ’آگ پر قابو پانے کے بعد تفتیش کی گئی تو معلوم ہوا کہ آتشزدگی حادثاتی طور پر نہیں ہوئی‘۔
ترجمان نے کہا ہے کہ ’معاملے کی چھان بین کی گئی تو معلوم ہوا کہ شوہر نے جان بوجھ کر اپنی بیوی پر پیٹرول چھڑک کر آگ لگائی تھی‘۔
ترجمان کے مطابق ’انسانی جان پر حملہ کرنے کی کوشش میں شہری کو گرفتار کر کے متعلقہ ادارے کے حوالے کر دیا گیا ہے‘۔
دوسری طرف جازان محکمہ صحت کے ترجمان محمد دراج نے کہا ہے کہ ’خاتون شدید زخمی ہیں اور انہیں انتہائی نگہداشت کے شعبے میں رکھا گیا ہے‘۔
انہوں نے بتایا کہ ’خاتون کے جسم کا 50 فیصد حصہ جھلس گیا ہے۔ طبی ٹیم مناسب علاج کر رہی ہے۔ ابھی تک اسے منصوعی تنفس پر رکھا گیا ہے‘۔