سبزہ لوگوں کو اپنی جانب متوجہ کرنے کا سبب بنتا ہے۔فوٹو: سبق
جازان ریجن کے پہاڑی سلسلے بنی مالک کے پہاڑ الدایر قدرتی حسن سے مالا مال ہے۔ الدایر پہاڑ پر موسم سارا سال بے انتہا خوبصورت رہتا ہے۔
وادی اور اس کے اطراف میں قدرتی طور پر پھیلا ہوا سبزہ لوگوں کو اپنی جانب متوجہ کرنے کا سبب بنتا ہے۔
سبق ویب سائٹ کے مطابق الیحییٰ پہاڑی علاقے میں کثرت سے بارش ہوتی ہیں جس سے پوری وادی سرسبز رہتی ہے۔
جازان ریجن کے علاوہ مختلف علاقوں سے بڑی تعداد میں لوگ قدرتی حسن و جمال سے لطف اندوز ہونے کے لیے الدایر پہاڑی سلسلے میں جاتے ہیں۔
یہاں اگرچہ دیر پہاڑی سلسلے میں آمد و رفت کے جدید ترین وسائل نہیں۔ سڑکیں بھی دیگر شہروں کی طرح دو رویہ نہیںہیں تاہم وادی کے خوبصورت اور دلفریب مناظر سیاحوں کو اپنی جانب راغب کیے رکھتے ہیں۔
الدایر پہاڑی سلسلے پر صدیوں سے لوگ بستے آئے ہیں۔ علاقے میں برسوں پرانے کھنڈرات آج بھی موجود ہیں۔
الدایر کی پہاڑی کی چوٹی پر بھی لوگوں نے مکانات بنا رکھے ہیں۔الدایر کی وادی میں بنے مکانات اور اس سے ملحق کھیت انتہائی خوبصورت منظر پیش کرتے ہیں۔
یہاں آنے والے سیاحوں کا کہناہے’ وہ الدایر پہاڑی سلسلے میں پہنچ کر اس کے حسن و جمال میں کھو جاتے ہیں۔ یہ پہاڑی سلسلہ صنعتی اور مصنوعی آلودگی سے صاف ہونے کی وجہ لوگوں کی توجہ کا محور ہے‘۔
عام طور پر ایسے افراد جو مختلف امراض میں مبتلا ہوتے ہیں یہاں آکر سکون محسوس کرتے ہیں۔