خلیجی ممالک کے شہریوں پر مکہ اور مدینہ داخلے پر عارضی پابندی
خلیجی ممالک کے شہریوں پر مکہ اور مدینہ داخلے پر عارضی پابندی
جمعہ 28 فروری 2020 23:38
پابندی کا مقصد مسجد الحرام اور مسجد نبوی کے زائرین کی سلامتی کو یقینی بنانا ہے۔ فوٹو العربیہ نیٹ
سعودی دفتر خارجہ نے نیو کورونا وائرس کے پھیلاﺅ کو روکنے سے متعلق وضاحتی اعلامیہ جاری کیا ہے۔
دفتر خارجہ کے مطابق کورونا وائرس کے پھیلاﺅ کو روکنے کے لیے جی سی سی ممالک کے شہریوں کے مکہ مکرمہ اور مدینہ منورہ میں داخلے پر پابندی عارضی ہے۔
سعودی خبررساں ادارے ایس پی اے کے مطابق سعودی حکام کورونا وائرس کو ملکی اور بین الاقوامی سطح پر پھیلنے سے روکنے اور اس کے اطراف پابندیوں کا حصار انتہائی احتیاط کے تحت قائم کررہے ہیں۔
ان پابندیو ں کا مقصد مسجد الحرام اور مسجد نبوی کے زائرین کی سلامتی کو یقینی بنائے رکھنا ہے۔
’سعودی حکومت نے عمرہ اور زیارت پر جو پابندی لگائی ہے وہ عارضی ہے۔ اس پابندی سے خلیجی ممالک کے وہ باشندے مستثنیٰ ہوں گے جو مسلسل 14 روز سے سعودی عرب میں قیام پذیر ہیں اور کورونا وائرس کی کسی بھی علامت سے پاک ہیں‘۔
سعودی دفتر خارجہ نے خلیجی ممالک کے ایسے باشندوں کو ہدایت دی ہے کہ وہ وزارت حج و عمرہ کی سرکاری ویب سائٹ پر جاکر عمرہ یا مسجد نبوی شریف کی زیارت کی درخواست دیں۔ انہیں عارضی پابندی کے دوران دونوں شہروں میں جانے کا اجازت نامہ مل جائے گا‘۔
سعودی حکومت نے اطمینان دلایا ’ کورونا وائرس کے پھیلاﺅ سے متعلق تازہ ترین صورتحال پر نظر رکھے ہوئے ہے۔ اس وائرس کے خطرات کا مسلسل جائزہ لیا جارہا ہے۔ تازہ صورتحال کے تناظر میں احتیاطی تدابیر پر نظر ثانی بھی ہوتی رہے گی۔