کورونا:’سعودی عرب عمرہ زائرین کو خطرات سے بچانے کے لیے پرعزم ‘
کورونا:’سعودی عرب عمرہ زائرین کو خطرات سے بچانے کے لیے پرعزم ‘
جمعہ 28 فروری 2020 19:38
’ رابطہ عالم اسلامی عارضی احتیاطی پابندی کی تائید و حمایت کرتا ہے۔فوٹو :سوشل میڈیا
رابطہ عالم اسلام (مسلم ورلڈ لیگ) نے اسلامی دنیا کے علما، دانشوروں ، تنظیموں، اداروں اورجامعات کی جانب سے عمرہ زائرین کی سعودی عرب آمد پر پابندی کی حمایت کی ہے۔
سعوددی خبررساں ادارے ایس پی اے کے مطابق رابطہ عالم اسلامی نے بیان میں کہا’ سعودی عرب نے عمرہ اور مسجد نبوی شریف کی زیارت کے لیے سعودی عرب آمد پر جو پابندی لگائی ہے وہ عالمی تنظیمو ں خصوصاً عالمی ادارہ صحت کے مقرر کردہ عالمی ضوابط اور سٹینڈرڈ کے عین مطابق ہے‘۔
رابطہ عالم اسلامی کے سیکریٹری جنرل اور مجلس علماءالمسلمین کے سربراہ شیخ ڈاکٹر محمد بن عبدالکریم العیسی نے کہا ’ رابطہ عالم اسلامی عارضی احتیاطی پابندی کی تائید و حمایت کرتا ہے۔ یہ پابندی اسلامی شریعت کے مقرر کردہ اصول و ضوابط کے عین مطابق ہے‘۔
’یہ پابندی مسلمہ عالمی اسٹینڈرڈ سے مطابقت رکھتی ہے۔ فیصلہ اس بات کا ثبوت ہے کہ سعودی عرب عمرہ زائرین کو نیو کورونا وائرس کے خطرات سے بچانے کے سلسلے میں پرعزم ہے‘۔
ڈاکٹر محمد بن عبدالکریم العیسی کے مطابق’ مسلم دنیا کے علماءنے اس فیصلے کی تائید و حمایت کی ہے۔ علماءکی طرف سے تائید ی پیغامات ملے ہیں۔ مسلم علماءاس پابندی کو بین الاقوامی تقاضوں اور شرعی ضرورت کے عین مطابق قرار دے رہے ہیں۔ اس سلسلے میں لاپروائی بڑی ذمہ داری کا باعث بنے گی‘۔
رابطہ عالم اسلامی کے بیان میں یہ بھی کہا گیا’ علماءاور دانشورو ں کو اس بات کا پوری طرح سے احسا س ہے کہ احتیاطی تدبیر کے طورپر پابندی اژدحام والے مقامات پر خصوصاً اور عام پبلک مقامات پر عموماً کورونا وائرس کے تیزی سے پھیلنے کے خدشے کی وجہ سے لگائی گئی ہے‘۔
سعودی خبررساں ادارے ایس پی اے کے مطابق عرب لیگ کے سیکریٹری جنرل احمد ابو الغیط نے بھی پابندی کے فیصلے کی حمایت کرتے ہوئے کہا’ سعودی عرب نے یہ فیصلہ کورونا وائرس سے زائرین کی حفاظت کےے کیا ہے۔ یہ احتیاطی اقدام ہے۔ قابل قدر ہے۔
ابو الغیط نے اعلامیہ جاری کرکے کہا ’ سعودی عرب کا فیصلہ زائرین کی صحت و سلامتی کی خاطر کیا گیا ہے۔ اس کا مقصد کورونا وائرس کے پھیلاﺅ کو روکنا بھی ہے۔اس فیصلے کو اس تناظر میں بھی دیکھنا ہے کہ عمرہ اور زیارت کے مقامات پر اژدحام بہت زیادہ ہوتاہے اور عالمی ادارہ صحت کی رپورٹوں کے بموجب کورونا وائرس اژدحام والے مقامات پر زیادہ تیزی سے پھیلتا ہے۔