Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

انجنیئرنگ کے شعبے میں بھی سعودائزیشن

وزیر کے مطابق ایک ماہ کے اندر فیصلے کا اعلان کردیا جائے گا (فوٹو: ٹوئٹر)
وزیر افرادی قوت و سماجی بہبود انجنیئر احمد الراجحی کا کہنا ہے کہ ایک ماہ کے اندر انجینیئرنگ کے شعبے میں بھی سعودائزیشن کے فیصلے کا اعلان کردیا جائے گا۔ ’اس کے فوری بعد تمام انجنیئرز سعودی تعینات کرائے جائیں گے اور یہ کام پوری قوت سے انجام دیا جائے گا۔‘
الوطن اخبار کے مطابق الراجحی نے مزید کہا کہ ان دنوں تمام پیشوں کی سعودائزیشن کے طریقہ کار کا جائزہ لیا جارہا ہے۔ ’ہمارا ہدف یہ ہے کہ سعودی کالجوں، یونیورسٹیوں اور انسٹیٹیوٹس سے نئے فارغ ہونے والے سعودی نوجوانوں کو نجی اداروں او رکمپنیوں میں کھپا دیا جائے۔‘
’ پیشوں کی سعودائزیشن سے متعلق وزارت کی کوشش ہے کہ ہر پیشے کے لیے سعودائزیشن کی مخصوص شرح مقرر کردی جائے۔ یہ کام فارماسسٹ اور ڈینٹل میڈیسن کی طرز پر انجام دیا جائے گا۔‘
الراجحی کا کہنا تھا کہ بہت جلد بہت سارے پیشوں کی سعودائزیشن کی شرح کا اعلان ہوگا۔ ’زیادہ زور اس بات پر دیا جائے گا کہ ایسے پیشے اور ایسے ادارے جن میں سعودی زیادہ رغبت رکھتے ہوں اور جو پیشے اور ادارے سعودیوں کے لیے زیادہ پرکشش ہوں ان میں زیادہ سے زیادہ سعودائزیشن ہو۔ ان اداروں اور پیشوں پر کام کرنے والے سعودیوں کی تنخواہیں بھی اچھی ہوں۔‘

احمد الراجحی کے مطابق فیصلے کے بعد تمام انجینیئرزسعودی تعینات کرائے جائیں گے (فوٹو: ٹوئٹر)

سعودی وزیر افرادی قوت کا کہنا تھا کہ تمام پیشوں کے لیے مقرر سعودائزیشن کی شرح پر عمل درآمد ممکن ہے۔ ’اس سلسلے میں انجینیئرنگ اور اکاﺅنٹنٹ جیسے پیشے خاص طو رپر قابل ذکر ہیں۔ یہ دونوں پیشے ایسے ہیں جن میں سعودی اچھی خاصی تعداد میں ہیں۔‘
انہوں نے کہا کہ آئندہ نجی اداروں اور کمپنیوں میں چھاپہ مہم کے دوران انسپکٹرز جو رپورٹیں تیار کریں گے ان رپورٹوں کو رائے عامہ کے سامنے لایا جائے گا تاکہ ہمارے نوجوانوں کو پتہ چل سکے کہ کس کمپنی اور کس ادارے میں کن پیشوں پر غیر ملکی زیادہ ہیں تاکہ ہمارے نوجوان تیاری کرسکیں اور ان پیشوں کے لیے آگے بڑھ سکیں۔

شیئر:

متعلقہ خبریں