Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

کورونا: سوشل میڈیا پر افواہیں پھیلانا جرم قرار

سوشل میڈیا پر افواہیں پھیلانے پر پانچ برس تک قید کی سزا مقرر ہے (فوٹو: ٹوئٹر)
 سعودی پبلک پراسیکیوشن جنرل نے انتباہ کیا ہے کہ سوشل میڈیا پر کورونا وائرس کے حوالے سے  افواہیں پھیلانا قابل سزا جرم ہے۔
پراسیکیوشن جنرل کے مطابق ایسا کرنے سے معاشرے میں بے چینی پھیلتی ہے جوکسی طرح قابل قبول نہیں۔
یاد رہے مملکت کے سائبر کرائم کے قانون کی شق نمبر 1/6 کے مطابق سوشل میڈیا پر افواہیں پھیلانے پر پانچ برس تک قید اور 30 لاکھ ریال جرمانے کی سزا مقرر ہے۔
 ویب نیوز ’عاجل‘ کے مطابق پراسیکیوشن جنرل کا کہنا تھا’نئے کورونا وائرس کے حوالے سے طرح طرح کی باتیں سوشل میڈیا پر پھیلائی جارہی ہیں لوگوں کو چاہئے کہ وہ احتیاط برتیں۔ غیر مصدقہ افواہیں پھیلانا بھی سائبر کرائم کے حوالے سے جرم شمار ہوگا‘۔

پراسیکیوشن کے مطابق کورونا کے حوالے سے طرح طرح کی باتیں پھیلائی جارہی ہیں (فوٹو: ٹوئٹر)

’کسی قسم کی غیر مصدقہ اور من گھڑت باتیں سوشل میڈیا پر اپ لوڈ، شیئر اوران پر کمنٹس کرنا غیر قانونی ہے خاص طور پر کورونا وائرس کے حوالے سے افواہیں پھیلانے والے اس جرم میں شریک تصور کیے جائیں گے۔‘
پراسیکیوش جنرل کے ٹوئٹر اکاﺅنٹ پر محکمے کی جانب سے مملکت کے شہریوں اور مقیم غیر ملکیوں کو خبردار کرتے ہوئے کہا گیا ہے کہ درست خبریں مصدقہ ذرائع سے ہی حاصل کی جاسکتی ہیں ۔غیر مصدقہ اور نامعلوم ذرائع سے حاصل ہونےوالی افواہیں پھیلانا جرم ہے۔‘

انتباہی نوٹ میں کہا گیا ہے کہ کسی بھی حالت میں سوشل میڈیا پر غیر مصدقہ خبروں کو پھیلانے کا ذریعہ نہ بنیں (فوٹو: ٹوئٹر)

انتباہی نوٹ میں مزید کہا گیا ہے کہ کسی بھی حالت میں سوشل میڈیا پر غیر مصدقہ خبروں یا افواہوں کو پھیلانے کا ذریعہ نہ بنیں جس سے معاشرے کا امن تہ وبالا ہوتا ہے ایسا کرنےوالے قانونی کی گرفت سے بچ نہیں سکتے‘۔
 

شیئر: