پبلک پراسیکیوشن نے خبردار کیا ہے کہ افواہیں شیئر نہ کی جائیں۔ فوٹو اخبار 24
سعودی عرب میں کورونا وائرس کی نگراں کمیٹی کے مطابق نئے کورونا وائرس کا متاثر سعودی شہری صحت یاب ہورہا ہے اور وہ خطرے سے باہر ہے۔
یاد رہے کہ سعودی عرب نے پیر کو کورونا وائر س کے پہلے کیس کی تصدیق کی تھی۔ ایران سے بحرین کے راستے آنے والا سعودی شہری کورونا وائرس میں مبتلا پایا گیا تھا۔
اخبار 24کے مطابق کورونا وائرس کی نگراں کمیٹی نے یہ اعلان سعودی ایف ڈی اے کے صدر دفتر ریاض میں اجلاس کے دوران کیا ہے۔ اس موقع پر وائرس سے متعلق تمام اطلاعات اور رپورٹوں کا تفصیل سے جائزہ لیا گیا۔
سعودی وزیر صحت ڈاکٹر توفیق الربیعہ نے کہا ’ سعودی شہری اور مقیم غیر ملکی نئے کورونا وائرس سے پریشان نہ ہوں ۔ مملکت میں وائرس سے بچاﺅ کے لیے جو انتظاما ت کیے گئے ہیں وہ موثر ہیں۔ ان پر عملدرآمد جاری ہے‘۔
وزیر صحت نے ٹو ئٹرپر بیان میں کہا ’ احتیاطی اور حفاظتی تدابیر کی سرپرستی پر شاہ سلمان اور ولی عہد کے شکر گزار ہیں‘۔
دریں اثناءعاجل ویب سائٹ کے مطابق وزارت صحت نے سوشل میڈیا پر وائرل اس وڈیو کلپ پر برہمی کا اظہار کیا ہے جس میں دعویٰ کیا گیاتھا کہ جدہ ائیر پورٹ پر کورونا وائرس کے 17 مریض ریکارڈ پر آئے ہیں۔
یہ بھی دعویٰ کیا گیاتھا کہ بعض پروازیں تمام مسافروں سمیت واپس کردی گئیں۔
وزارت صحت نے ٹوئٹر پر بیان میں کہا ’ مبینہ وڈیو اور اس میں تمام دعوے غلط ہیں۔ کوئی بھی شخص اسے آگے نہ بڑھائے۔ وائرس سے متعلق تمام خبریں وزارت صحت اور اس کی ویب سائٹ ہی سے لی جائیں۔
و اضح رہے کہ پبلک پراسیکیوشن نے خبردار کیا تھا کہ جو شخص بھی افواہیں شیئر کرنے میں حصہ لے گا اس کے خلاف قانونی کارروائی کی جائے گی۔ یہ جرم ہے، اس پر پانچ برس قید اور تیس لاکھ ریال تک کا جرمانہ ہوگا۔