Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

دنیا بھر میں 94 ہزار سے زائد افراد کورونا وائرس سے متاثر

ایران میں تہران اور قُم کے صوبے کورونا سے زیادہ متاثر ہوئے ہیں (فوٹو: اے ایف پی)
دنیا بھر میں کورونا وائرس سے متاثرہ افراد کی تعداد 94 ہزار 810 اور ہلاک ہونے والے افراد کی تعداد 3 ہزار 245 ہو گئی ہے۔
فرانسیسی خبر رساں ایجنسی اے ایف پی نے بدھ تک کے اعداد وشمار کے حوالے سے بتایا کہ ’اب یہ وائرس دنیا کے 81 ممالک اور علاقوں تک پھیل چکا ہے۔‘
منگل سے بدھ تک اس وائرس کے 2089 نئے کیسز سامنے آئے جبکہ مزید 90 افراد ہلاک ہو گئے۔
چین کے بعد ایران کورونا سے سب سے زیادہ متاثر ہوا ہے۔ ایران میں کورونا وائرس سے ہونے والی ہلاکتوں کی تعداد 92 ہو گئی ہے۔
بدھ کو ایرانی وزارت صحت کے ترجمان کیانوش جہان پور نے نیوز کانفرنس میں بتایا کہ ’ایران میں گذشتہ 24 گھنٹوں کے دوران کورونا کے 586 نئے کیسز کی تصدیق ہوئی ہے، جبکہ مزید 15 افراد ہلاک ہو گئے ہیں۔‘
ترجمان کے مطابق ’ایران میں تہران اور قُم کے صوبے کورونا وائرس سے سب سے زیادہ متاثر ہوئے ہیں جہاں بالترتیب 253 اور 101 نئے کیسز کی تصدیق ہوئی ہے۔‘
تہران کے جنوب میں قم کا شہر ایران میں کورونا وائرس کا مرکز ہے جہاں سے اس کا آغاز ہوا اور 19 فروری کو یہاں پہلی ہلاکت بھی ہوئی۔‘
ایران کے صدر حسن روحانی نے امریکہ کی جانب سے کورونا سے نمٹنے کے لیے مدد کی پیش کش کو مسترد کرتے ہوئے کہا ہے کہ ‘امریکی پابندیوں کی وجہ سے ہی ہمیں ادویات کی قلت کا سامنا ہے۔‘
ایران میں کورونا کی وجہ سے سکول بند کر دیے گئے ہیں، بڑے ثقافتی اور کھیلوں کے ایونٹس بھی ملتوی ہو گئے ہیں جبکہ دفاتر میں کام کا دورانیہ بھی کم کر دیا گیا ہے۔

کورونا کی وجہ سے جیمز بونڈ کی فلم کی ریلیز موخر کر دی گئی ہے (فوٹو: سوشل میڈیا)

ایران میں کورونا وائرس سے عام افراد کے علاوہ حکومتی اور سیاسی شخصیات بھی محفوظ نہیں رہیں۔ عرب نیوز کے مطابق ایران کی نائب صدر، نائب وزیر صحت اور پانچ دیگر ارکان پارلیمنٹ سمیت متعدد افراد کورونا وائرس کا شکار ہو چکے ہیں۔
چند روز قبل کورونا وائرس کا شکار ہونے والے ایران کے ایک رکن پارلیمنٹ انتقال کر گئے ہیں۔ محمد علی رمضانی دستک کا انتقال سنیچر کو ہوا۔
دوسری جانب یورپی یونین کے پہلے آفیشل کے کورونا وائرس سے متاثر ہونے کی تصدیق ہوئی ہے۔
یورپی یونین کمیشن کے ترجمان ڈینا سپینٹ نے کہا کہ ’ہم کورونا وائرس کے اس کیس کی تصدیق کرتے ہیں۔‘

دنیا میں کورونا سے متاثرہ افراد کی تعداد 94 ہزار 810 ہو گئی ہے (فوٹو: روئٹرز)

یورپی دفاعی ایجنسی کے ترجمان کے مطابق ’اٹلی سے 23 فروری کو واپس آنے والے ایجنسی کے ایک مرد ملازم میں کورونا وائرس پایا گیا ہے۔‘
ترجمان کے مطابق ’برسلز میں ایجنسی کے ہیڈکوارٹرز میں ہونے والے اجلاس 13 مارچ تک موخر کر دیے گئے ہیں۔‘
کورونا وائرس کا اثر دنیا میں ہر شعبہ زندگی پر پڑا ہے اور اب ہالی وڈ کی مشہور فلم سیریز ’جیمز بونڈ‘ کی آنے والی فلم ’نو ٹائم ٹو ڈائی‘ کی ریلیز بھی تاخیر کا شکار ہو گئی ہے۔
خبر رساں ایجنسی اے ایف پی کے مطابق جیمز بونڈ کی نئی فلم کا پریمیئر 31 مارچ کو لندن میں ہونا تھا اور اپریل میں یہ فلم دنیا بھر میں ریلیز ہونا تھی، تاہم اب دنیا بھر میں پھیلتے ہوئے کورونا وائرس کی وجہ سے اس فلم کی ریلیز موخر کر دی گئی ہے۔
اب یہ فلم 12 نومبر کو لندن اور 25 نومبر کو امریکہ میں ریلیز کی جائے گی۔

شیئر:

متعلقہ خبریں