تیونس کے شہری گذشتہ برس سعودی عرب میں لاپتا ہوئے تھے ( فوٹو: سوشل میڈیا)
تیونسی شہری کی ٹویٹ پر ڈپٹی وزیر حج و عمرہ عبدالعزیز مشاط نے فوری نوٹس لیتے ہوئے دستاویزات طلب کر لیں۔
تیونس کے باشندے نے وزیر حج و عمرہ سے درخواست کی تھی گذشتہ برس رمضان میں ان کے والد مکہ سے لاپتا ہو گئے تھے اور ان کی تلاش میں مدد کی جائے۔
تیونس کے شہری کی ٹویٹ کو 17 ہزار سے زائد لوگوں نے ری ٹویٹ کیا جس پر نائب وزیر حج نے فوری نوٹس لے لیا۔ نائب وزیر حج نے تیونس کے شہری کو ہر ممکن مدد کی یقین دہانی کراتے ہوئے ان سے دستاویزات طلب کر لیں۔
مقامی ویب نیوز ’سبق‘ سے گفتگو کرتے ہوئے تیونسی شہری ’حمدی‘ نے تفصیلات بیان کرتے ہوئے کہا کہ ’ان کے والد گذشتہ برس رمضان میں عمرے کی ادائیگی کے لیے ارض مقدس آئے تھے جہاں انہوں نے مدینہ میں مسجد نبوی کی زیارت کی اور اس کے بعد عمرے کی ادائیگی کے لیے دوسرے دن مکہ آگئے۔‘
حمدی نے مزید بتایا کہ ان کے والد عمرہ ادا کرنے کے بعد دوسرے دن مکہ میں اپنی رہائش سے نکلے جس کے بعد وہ لوٹ کر ہوٹل نہیں پہنچے۔
انہوں نے مزید کہا کہ ’ والد صاحب کو بہت تلاش کیا، متعلقہ اداروں میں بھی رپورٹ درج کرائی مگر کوئی سراغ نہیں ملا، ہم ابھی تک اپنے والد کے ملنے کے بارے میں مایوس نہیں ہوئے۔ تلاش کے لیے وزیر حج وعمرہ سے اپیل کی ہے کہ ہمیں ویزہ جاری کیا جائے تاکہ متعلقہ اداروں سے رابطہ کر کے انہیں تلاش کر سکیں۔‘
تیونسی شہری کی اپیل پر نائب وزیر حج نے فوری ایکشن لیتے ہوئے بھرپور تعاون کی یقین دہانی کرائی۔