Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

میڈیکل انشورنس میں کورونا کا علاج شامل

ہیلتھ انشورنس کونسل صحت خدمات فراہم کرنے والے اداروں سے رابطے میں ہے (فوٹو: سوشل میڈیا)
سعودی کوآپریٹو ہیلتھ انشورنس کونسل نے اطمینان دلایا ہے کہ نیا کورونا وائرس ’covid-19‘ اور اس جیسے دیگر تمام امراض کا علاج میڈیکل انشورنس سکیم میں شامل ہے۔
اس کے تحت طبی معائنہ،علاج کی تجویز، ادویات اور ایسے تمام مشینی خدمات فراہم کی جائیں گی جن سے انشورنس سکیم کو خارج نہ کیا گیا ہو۔
سعودی خبر رساں ادارے ایس پی اے کے مطابق کوآپریٹو ہیلتھ انشورنس کے ترجمان یاسر المعارک نے بتایا کہ ’کورونا وائرس میڈیکل انشورنس سکیم میں شامل ہے۔ جس طرح تنفس کے نظام پر حملہ آور کسی بھی قسم کے وائرس کا علاج میڈیکل انشورنس کے تحت کیا جاتا ہے کورونا وائرس اور اس جیسے ہر وائرس سے متاثر افراد کا علاج میڈیکل انشورنس کے تحت کیا جائے گا۔‘

طبی معائنہ،علاج کی تجویز اور ایسی تمام مشینی خدمات فراہم کی جائیں گی (فوٹو: سوشل میڈیا)

یاسر المعارک نے کہا کہ ’ہیلتھ انشورنس کونسل صحت خدمات فراہم کرنے والے تمام اداروں سے رابطے میں ہے۔ اس امر کی کوشش کی جا رہی ہے کہ میڈیکل انشورنس کرانے والوں کو مناسب ہیلتھ انشورنس سروس مہیا ہو ۔ اس سلسلے میں کسی قسم کی کوئی تاخیر نہ ہو۔ انشورنس کرانے والوں کو بہترین صحت خدمات بلا تاخیر فراہم کی جائیں۔‘ 
یاسر المعارک نے میڈیکل انشورنس کرانے والوں کو تاکید کی کہ اگر ان میں سے کسی کے ذہن میں کوئی سوال ہو تو وہ پہلی فرصت میں انشورنس کونسل کی طرف سے جاری کردہ ذرائع سے رابطہ کر کے جواب حاصل کر سکتا ہے۔
میڈیکل انشورنس کونسل نے مختلف قسم کے سوالات، اعتراضات، تجاویز اور شکایات کے اندراج کے لیے ٹول فری نمبر 920001177 یا ویب سائٹ www.ccgu.gov.sa یا ای میل [email protected] یا سمارٹ موبائل ایپلی کیشن، ٹویٹر، فیس بک اور لنکڈ ان استعمال کر سکتے ہیں۔

شیئر: