پشاور زلمی کے شعیب ملک نے صرف 25 بالز پر نصف سنچری کی (فوٹو: اے ایف پی)
پاکستان سپر لیگ میں جمعرات کو کھیلے گئے میچ میں پشاور زلمی نے کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کو 30 رنز سے ہرا دیا۔ پشاور زلمی کے شعیب ملک کو 54 رنز بنانے پر میچ کا بہترین کھلاڑی قرار دیا گیا۔
پنڈی کرکٹ سٹیڈیم میں پشاور زلمی کے 171 رنز کے ہدف کے تعاقب میں کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کی جانب سے شین واٹسن اور جیسن روئے نے اننگز کا آغاز کیا اور دو اوورز میں سکور 27 تک پہنچا دیا۔
45 کے مجوعی سکور پر شین واٹسن 19 رنز بنا کر حسن علی کی گیند پر کیچ آؤٹ ہو گئے۔ اس کے بعد کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کی وکٹیں وقفے وقفے سے گرتی رہیں اور کوئی کھلاڑی نصف سنچری بھی سکور نہ کر سکا۔
جیسن روئے 24 بالز پر 44 رنز بنانے کے بعد یاسر شاہ کی بال پر بولڈ ہو گئے۔ لیونگ سٹون نے ان کا کیچ لیا۔
احمد شہزاد 10 رنز بنا کر وہاب ریاض کی گیند پر شعیب ملک کے ہاتھوں کیچ آؤٹ ہوئے۔ بین کٹنگ 17 رنز بنانے کے بعد پویلین لوٹ گئے۔
اعظم خان بغیر کوئی رن بنائے راحت علی کی بال پر گریگری کو کیچ دے بیٹھے۔ آؤٹ ہونے والے چھٹے کھلاڑی محمد نواز تھے جو 18 رنز بنانے کے بعد راحت علی کی گیند پر کیچ آؤٹ ہوئے۔
ساتویں آؤٹ ہونے والے کھلاڑی کوئٹہ کے کپتان سرفراز احمد صرف ایک رن بنا سکے۔ وہاب ریاض نے انہیں بولڈ کیا۔
پشاور زلمی کی جانب سے کپتان وہاب ریاض نے تین، راحت علی نے دو جبکہ حسن علی اور یاسر شاہ نے ایک ایک وکٹ حاصل کی۔
اس سے قبل کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کے کپتان سرفراز احمد نے ٹاس جیت کر پشاور زلمی کو بیٹنگ کی دعوت دی۔ بارش کی وجہ سے یہ میچ پندرہ پندرہ اوورز تک محدود کر دیا گیا تھا۔
پشاور زلمی نے پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے مقررہ 15 اوورز میں 6 وکٹوں کے نقصان پر 170 رنز بنائے۔ اوپنرز امام الحق 7 اور کامران اکمل 23 رنز بنانے کے بعد پویلین لوٹ گئے۔
گریگری 20 اور حسن علی 9 رنز بنا کر ناٹ آؤٹ رہے۔ شعیب ملک نے صرف 25 گیندوں پر نصف سنچری مکمل کی۔ وہ 54 رنز بنانے کے بعد محمد حسنین کی بال پر بولڈ ہو گئے۔
حیدر علی 24 بالز پر 39 رنز بنانے کے بعد کیچ آؤٹ ہوئے۔ محمد حسنین کی بال پر شین واٹسن نے ان کا کیچ لیا۔ لیونگ سٹون 12 رنز بنانے کے بعد محمد حسنین کی بال پر کیچ آؤٹ ہو گئے۔
کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کی جانب سے محمد حسنین نے 3 اوورز میں 34 رنز دے کر 4 کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا۔
اس میچ کے لیے کوئٹہ گلیڈی ایٹرز اور پشاور زلمی نے دو دو تبدیلیاں کی تھیں۔ کوئٹہ گلیڈی ایٹرز نے ٹیمل ملز اور سہیل خان کو موقعہ دیا جبکہ پشاور زلمی نے لیام ڈاسن اور امام الحق کو پلیئنگ الیون میں شامل کیا۔