قطیف کے تمام سکول بند، آن لائن تعلیم ہوگی
وزارت تعلیم نے متبادل انتظام کرتے ہوئے ویب سائٹ جاری کردی ہے ( فوٹو: سپورٹس نیوز)
سعودی وزارت تعلیم نے مشرقی ریجن کے شہر قطیف میں تمام سکول اور تعلیمی اداروں کو دو ہفتوں کے لیے معطل کرنے کا اعلان کیا ہے۔
سعودی پریس ایجنسی کے مطابق فیصلے میں تمام سرکاری و نجی سکولوں کے علاوہ یونیورسٹیز، کالجز، انسٹی ٹیوٹ اور ہر طرح کے تعلیمی ادارے شامل ہیں۔
وزارت تعلیم نے کہا ہے کہ تعلیمی ادارے بند ہونے کے دوران ’آن لائن تعلیم جاری رکھنے کا متبادل بندوبست کیا گیا ہے‘۔
وزیر تعلیم نے کورونا وائرس کے انسداد کے لیے کام کرنے والی مشترکہ کمیٹی کو ہدایت کی تھی کہ قطیف میں تازہ ترین صورتحال کے پیش نظر مناسب فیصلے کیے جائیں۔
وزارت تعلیم کی طرف سے جاری ہونے والے اعلامیہ میں کہا گیا ہے کہ نائب وزیر تعلیم ڈاکٹر عبد الرحمن العاصمی کی سربراہی میں کمیٹی کے اجلاس میں فیصلہ ہوا کہ قطیف کے تمام سکول اور ہر طرح کے تعلیمی ادارے دو ہفتوں کے لیے بند کیے جائیں۔
اعلامیے میں بتایا ہے کہ ’شہر کے تمام سکولوں اور تعلیمی اداروں کا تدریسی اور ادارتی عملہ ڈیوٹی انجام دے گا تاکہ آن لائن تعلیم میں سہولت فراہم کی جاسکے۔‘
وزارت نے کہا ہے کہ ’متبادل نظام تعلیم فراہم کرتے ہوئے وزارت نے ویب سائٹ کا انتظام کیا ہے جس میں ہر تعلیمی مرحلے کے لیے فرضی کلاسیں منعقد کی جائیں گی۔‘
وزارت نے بتایا ہے کہ ’یہ فیصلہ طلبہ اور اساتذہ کی سلامتی کے لیے کیا گیا ہے۔ اس پر وقفے وقفے سے نظر ثانی ہوتی رہی گی۔‘