کویت، امارات اور بحرین کے بری راستے شہریوں کے لیے بھی بند
شاہدین نے کہا ہے کہ ’سعودی حکام نے بحرین سے جوڑنے والا پل رات 12 بجے بند کردیا تھا‘ ( فوٹو : سبق)
سعودی عرب نے کویت، امارات اور بحرین کے ساتھ بری راستے شہریوں کے لیے بھی بند کردیے ہیں۔
سبق ویب سائٹ کے مطابق خلیجی ممالک سے سعودی عرب کے بری راستے صرف تجارتی ٹرکوں اور ٹرالروں کے لیے کھلے ہوں گے۔
قبل ازیں سعودی حکومت نے کویت، امارات اور بحرین کے ساتھ مسافروں کے لیے بری راستے بند کرتے ہوئے کہا تھا کہ ’بروز ہفتہ رات 11 بجکر 55 منٹ تک سعودی شہریوں اور مقیم غیر ملکیوں کو بری راستوں سے واپس آنے کی مہلت دی جا رہی ہے‘۔
مہلت ختم ہونے کے بعد تینوں ممالک سے بری راستے مسافروں کے لیے مکمل طور پر بند کردیے گیے ہیں۔
دوسری طرف مہلت سے فائدہ اٹھاتے ہوئے سعودی عرب اور بحرین کو جوڑنے والی پل پر واپس آنے والی مسافروں کی لمبی قطاریں دیکھی گئیں۔
عینی شاہدین کا کہنا ہے کہ ’پل پر تا حد نگاہ گاڑیوں کی قطاروں کے باوجود سعودی اہلکار ہر مسافر کا طبی معائنہ کررہے تھے۔
شاہدین نے بتایا ہے کہ ’واپس آنے والے مسافروں سے اقرار نامہ بھروایا جارہا تھا کہ وہ کرونا کا شکار 17 ممالک میں نہیں گیے‘۔
شاہدین نے کہا ہے کہ ’سعودی حکام نے بحرین سے جوڑنے والا پل رات 12 بجے بند کردیا تھا‘۔
واضح رہے کہ کرونا وائرس کے انسداد اور بچنے کے لیے کی جانے والی احتیاطی تدابیر اختیار کرتے ہوئے سعودی عرب نے اپنے شہریوں اور خلیجی ریاست کے شہریوں کا شناختی کارڈ سے سفر معطل کردیا تھا۔