ایک کمیشن سڑکیں اور دکانیں خالی کرانے کے عمل کی نگرانی کرے گا (فوٹو: روئٹرز)
ایران میں کورونا وائرس کے پھیلاؤ کو روکنے کے لیے افواج کو 24 گھنٹوں کے اندر سڑکوں کو خالی کرانے کا حکم دیا گیا ہے۔
فرانسیسی خبر رساں ایجنسی اے ایف پی کے مطابق ایران کی مسلح افواج کے سربراہ میجر جنرل محمد بغیری نے جمعے کو ٹی وی پر بتایا کہ ’ایک نیا قائم کیا گیا کمیشن سڑکوں، گلیوں اور دکانوں کو خالی کرانے کے عمل کی نگرانی کرے گا۔‘
ایران میں کورونا وائرس کی وجہ سے گذشتہ 24 گھنٹوں کے دوران مزید 85 افراد ہلاک ہو گئے ہیں۔ اس طرح ملک میں کورونا سے ہلاک ہونے والے افراد کی تعداد 514 تک پہنچ گئی ہے جبکہ اس وائرس اب تک 11 ہزار سے زائد افراد متاثر ہو چکے ہیں۔
اے ایف پی کے مطابق ایران کی وزارت صحت کے ترجمان قیانوش جہاں پور نے جمعے کو ایک نیوز کانفرنس میں بتایا کہ ’گذشتہ 24 گھنٹوں کے دوران ایک ہزار 289 افراد میں اس وائرس کی تشخیص ہوئی ہے جس سے کورونا وائرس کے کیسز کی کل تعداد 11 ہزار 364 ہوگئی ہے۔‘
یاد رہے کہ ایران میں کورونا وائرس سے عام افراد کے علاوہ حکومتی اور سیاسی شخصیات بھی محفوظ نہیں رہیں۔ عرب نیوز کے مطابق ایران کی نائب صدر، نائب وزیر صحت اور پانچ دیگر ارکان پارلیمنٹ سمیت متعدد افراد کورونا وائرس کا شکار ہو چکے ہیں۔
ملک میں دو ارکان پارلیمنٹ کے علاوہ اب تک سات سیاستدان اور سرکاری اہلکار کورونا کے باعث ہلاک ہو چکے ہیں۔ ایران کے سپریم لیڈر آیت اللہ خامنہ ای کے مشیر محمد میر محمدی اور وزیر خارجہ جواد ظریف کے مشیر حسین شیخ الاسلام بھی کورونا وائرس کی وجہ سے ہلاک ہونے والوں میں شامل ہیں۔ اس کے علاوہ شام میں ایران کے سفیر ھسین شیخ الاسلام بھی کورونا سے ہلاک ہوئے ہیں۔
ایران میں کورونا وائرس کے پھیلاؤ کو روکنے کے لیے حکام نے سکولوں، کالجوں اور یونیورسٹیوں کو عارضی طور پر بند کر رکھا ہے۔ اس کے علاوہ ملک میں کام کرنے کے اوقات کو کم کر دیا گیا ہے اور بڑی ثقافتی تقریبات پر بھی پابندی لگا دی گئی ہے۔
واضح رہے کہ ایران نے کورونا وائرس سے نمٹنے کے لیے عالمی مالیاتی ادارے (آئی ایم ایف) سے پانچ ارب ڈالر کی مدد مانگ رکھی ہے۔
ایران کے وزیر خارجہ جواد ظریف نے جمعرات کو اپنی ایک ٹویٹ میں کہا تھا کہ ’امید ہے کہ آئی ایم ایف ذمہ داری کا مظاہرہ کرے گا اور تاریخ کے صحیح رخ پر کھڑے ہوتے ہوئے ہماری درخواست پر جلد عمل کرے گا۔‘
انہوں نے یہ بھی کہا تھا کہ ’آئی ایم ایف کی مینجنگ ڈائریکٹر نے کورونا سے نمٹنے کے لیے ہنگامی مالیاتی معاونت کا اعلان کیا تھا، ایران کا مرکزی بینک فوری طور پر یہ سہولت حاصل کرنے کی درخواست کرتا ہے۔‘