بیرون ملک مقیم پاکستانیوں کی جانب سے شدید احتجاج کے باوجود پاکستان کی وزارت شہری ہوابازی مصر ہے کہ پاکستانآنے والے تمام مسافروں کے لیے 24 گھنٹے قبل کرائے گئے کورونا ٹیسٹ کی رپورٹ ہمراہ لانا لازم ہے اور شکایات کے باوجود یہ شرط ختم نہیں کی جا رہی۔
اردو نیوز کے ساتھ انٹرویو میں وزارت شہری ہوابازی کے سینیئر جوائنٹ سیکرٹری اور ترجمان عبدالستار کھوکھر نے تسلیم کیا کہ دنیا بھر سے انہیں پاکستانیوں کی طرف سے شکایات آرہی ہیں کہ یہ ٹیسٹ رپورٹس لانا ممکن نہیں تاہم اس شرط کو ہٹانے کا ابھی تک کوئی فیصلہ نہیں کیا گیا ہے۔ انہوں نے بتایا کہ پاکستانی وقت کے مطابق 21 مارچ کی صبح پانچ بجے اس فیصلے پر عمل درآمد شروع ہو جائے گا۔ ابھی ہمارا فیصلہ یہی ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ برطانیہ اور کینیڈا سے خاص طور پر بتایا جا رہا ہے کہ اس طرح کی کورونا ٹیسٹ رپورٹ ملنا ناممکن ہے۔ ہماری فیملیز، ہمارے دفتر کے ساتھیوں اور دفتر خارجہ کی طرف سے ردعمل آرہا ہے۔
َہمیں احساس ہے کہ لوگوں کو اس چیز کی وجہ سے مشکل ہو رہی ہے لیکن یہ یہ ایک اچھا اقدام ہے جس سے آپ پاکستان کی آبادی کو محفوظ بنا رہے ہیں تاکہ کورونا وائرس کے مریض یہاں نہ آئیں اور وہ یہاں نہ پھیلے۔،
انہوں نے کہا کہ ہم روزانہ کی بنیاد پر اس فیصلے پر غور کرتے ہیں، مختلف محکموں کے لوگ مل بیٹھ کر روز مختلف آپشنز پر غور کرتے ہیں کہ یہ فیصلہ کتنا قابل عمل ہے یا اس پر نظرثانی ہو سکتی ہے؟
اس سے قبل اردو نیوز کے ساتھ خصوصی انٹرویو میں وفاقی وزیر ہوابازی غلام سرور خان نے کہا تھا کہ پاکستانیوں کو وطن واپسی پر ہر صورت اپنا کورونا ٹیسٹ ہمراہ لانا ہوگا ’اور ہو سکے تو ترقی یافتہ ملکوں سے آنے والا ہر پاکستانی کورونا ٹیسٹ کی دو چار کٹس بھی ساتھ لائے۔‘
وفاقی وزیر غلام سرور خان کا کہنا تھا کہ ’یہ فیصلہ قومی سلامتی کمیٹی کا ہے اور اس کا مقصد پاکستان میں وائرس کے پھیلاؤ کو روکنا ہے۔‘
انہوں نے کہا کہ اوورسیز پاکستانی جن ممالک میں مقیم ہیں وہاں صحت کی بہترین سہولیات میسر ہیں اس لیے انہیں واپس آنے کی کیا ضرورت ہے؟
یاد رہے کہ وزارت ہوابازی نے 21 مارچ سے پاکستان آنے والے تمام مسافروں کے لیے 24 گھنٹے قبل کورونا کا ٹیسٹ کروانے اور اسے ساتھ لانے کی شرط لازمی قرار دے رکھی ہے اور ایک نوٹی فیکیشن کے ذریعے تمام غیر ملکی ایئرلائنز کو ہدایت کی گئی ہے کہ وہ بیرون ملک سے صرف ان مسافروں کو طیارے میں بیٹھنے دیں جن کے ٹیسٹ ہو چکے ہوں۔،