Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

کیا سینیٹائزر واقعی آپ کو جلا سکتے ہیں؟

’سینیٹائزر لگانے کے بعد اس میں موجود الکوحل 20 سے 30 سیکنڈ بعد ہوا میں اُڑ جاتا ہے‘ (فوٹو:سوشل میڈیا)
کورونا وائرس کے پیش نظر دنیا بھر میں لوگ احتیاطی تدابیر اپناتے ہوئے سینیٹائزرز کا استعمال کر رہے ہیں۔ ماہرین اور ڈاکٹروں کی جانب سے بھی ہر گھنٹے بعد 20 سیکنڈ تک صابن سے ہاتھ دھونے یا پھر سینیٹائزر سے اپنے ہاتھ صاف کرنے کی ہدایت کی گئی ہے۔
ایسے میں سوشل میڈیا پر سینیٹائزر کے حوالے سے مختلف افوائیں بھی گردش کر رہی ہیں جیسے کہ کہا جارہا ہے کہ سینیٹائزر لگا کر کچن میں چولہے کے پاس نہ جایا جائے کیونکہ اس سے آگ لگ سکتی ہے۔
سینیٹائزر میں الکوحل کی تعداد اگر 50 سے 70 فیصد ہو تو بھی ایک فیصد ہی اس بات کا امکان ہوتا ہے کہ یہ آگ پکڑ سکے۔ اسلام آباد میں ہیلتھ سروسس اکیڈمی کے ایسو سی ایٹڈ پروفیسر ڈاکٹر اعجاز احمد خان نے اُردو نیوز کو بتایا کہ ’ہاتھ میں سینیٹائزر لگانے کے بعد اس میں موجود الکوحل 20 سے  30 سیکنڈ بعد ہوا میں اُڑ جاتا ہےجس کے بعد اس بات کا امکان بہت کم رہ جاتا ہے کہ کسی کو آگ لگے۔‘
تاہم ان کا کہنا تھا کہ اگر کوئی سینیٹائزر ہی چولہے کے پاس لگائے تو ممکن ہے کہ آگ لگ جائے۔ ڈاکٹر اعجاز احمد نے مزید بتایا کہ ہر طرح کے سینیٹائزر میں آئیسو پرو پائل الکوحل موجود ہوتا ہے جس کی مقدار کم یا زیادہ ہو سکتی ہے۔

 ڈاکٹر اعجاز احمد نے بتایا کہ ہر طرح کے سینیٹائزر میں آئیسو پرو پائل الکوحل موجود ہوتا ہے (فوٹو:اے ایف پی)

چیف فائر آفیسر ظفر اقبال نے اُردو نیوز کو بتایا کہ انھوں نے آج تک ایسے کسی کیس کے بارے میں نہیں سنا نہ اس طرح کے کسی کیس کو ڈیل کیا ہے۔
سوشل میڈیا پر سینیٹائزرز بنانے کے طریقہ کار پر بات کرتے ہوئے ڈاکٹر اعجاز احمد نے کہا کہ 'اگر سینیٹائزر دستیاب نہیں تو جو طریقہ سوشل میڈیا پر بتایا جا رہا ہے، وہ بھی کار آمد ہے جس میں گیلسرین، ایلوویرہ جل، ڈیٹول کو ملا کر سینیٹئزر تیار کیا جاتا ہے۔
کورونا وائرس کے مریضوں کے بارے میں سوشل میڈیا پر یہ تاثر دیا جارہا ہے کہ یہ عمر رسیدہ افراد کو زیادہ متاثر کرتا ہے جس پر ڈاکٹر اعجاز احمد کا کہنا تھا کہ  یہ وائرس کسی بھی عمر کے فرد کو لگ سکتا ہے تاہم اگر کوئی سگریٹ پیتا ہے یا جس کے پھیپھڑے کسی بھی وجہ سے مثاثر ہیں تو اُس میں اس وائرس کے اثرات نمایاں نظر آئیں گے۔
  • واٹس ایپ پر پاکستان کی خبروں کے لیے ’اردو نیوز‘ گروپ جوائن کریں

شیئر: