لبنان میں 37 نئے کیس کورونا کے درج ہوئے- فوٹو خلیج ٹائمز
نئے کورونا وائرس کے حوالے سے دنیا کے دیگر ملکوں کی طرح خلیج کے عرب ممالک کا منظر نامہ بھی ہر روز تبدیل ہورہا ہے-
اماراتی خبررساں ادارے وام کے مطابق امارات کی وزارت صحت نے منگل کو اعلان کرکے بتایا کہ نئے کورونا وائرس کے مزید 50 افراد ریکارڈ پر آئے ہیں جبکہ چار متاثرین شفایاب ہوگئے-
امارات میں کورونا سے متاثرین کی مجموعی تعداد 248 اور شفا پانے والوں کی تعداد 45 تک پہنچ گئی-
سلطنت عمان کی وزارت صحت نے بتایا کہ ملک میں کورونا وائرس کے نئے 18 مریض ریکارڈ پر آئے ہیں - اب انکی مجموعی تعداد 84 ہوگئی ہے- گیارہ نئے مریض پرانے مریضوں سے ملنے جلنے کے باعث وائرس میں مبتلا ہوئے-
پانچ برطانیہ اور متحدہ عرب امارات سے متاثر ہوکر واپس ہوئے تھے جبکہ دو کی گہری جانچ جاری ہے- عمان میں 17 مریض کورونا وائرس سے شفا یاب ہوئے ہیں-
بحرینی حکام کے مطابق کورونا وائرس کا ایک اور مریض چل بسا- متوفی بحرینی شہری تھا اور اس کی عمر 65 برس تھی- بحرین میں کورونا وائرس سے مرنے والوں کی تعداد 3 ہوگئی-
مصر نےکورونا وائرس سے بچاو کی خاطرملک آنے جانے والی تمام پروازوں میں دو ہفتے کی توسیع کردی-توسیع پر عمل درآمد یکم اپریل 2020 سے ہوگا-
سبق ویب سائٹ کے مطابق مصری حکام سیاحوں کی مصر سے وطن واپسی کے لیے پروازیں جاری رکھے ہوئے ہیں- یاد رہے کہ مصر نے 19 مارچ کو پروازوں پر پابندی لگائی تھی-
تیونسی حکام نے اعلان کیا ہے کہ کورونا کے مریضوں میں مزید 25 کا اضافہ ہوگیا ہے- اب کورونا سے متاثرین کی مجموعی تعداد 114 ہوگئی ہے-
تیونسی حکام کا کہناہے کہ پندرہ ہزار 952 تارکین کو گھروں میں رہنے کا حکم دیا گیا تھا- ان میں سے 5438 نے گھروں تک محدود رہنے کا مقررہ وقفہ مکمل کرلیا جبکہ دس ہزار 514 ابھی تک خود کو گھروں تک محدود کیے ہوئے ہیں-
عاجل ویب سائٹ کے مطابق لبنان کی وزارت صحت نے بتایا کہ ملک میں کورونا وائرس کے مزید 37 مریض ریکارڈ پر آئے ہیں اور اب ان کی مجموعی تعداد 314 ہوگئی ہے-
سکائی نیوز کے مطابق حکومت سوڈان نے اعلان کیا ہے کہ منگل کو کورونا وائرس کا ایک اور مریض ریکارڈ پر آیا ہے- سرکاری ترجمان فیصل صالح نے بتایا کہ ملک میں متاثرین کی تعداد تین ہوگئی ہے جبکہ ایک مریض کا انتقال ہوگیاہے اور یہ مقامی شہری تھا اور ہفتے کو ایک عرب ملک سے سوڈان پہنچا تھا-