کورونا کے مشتبہ مریضوں کی 98 فیصد رپورٹیں منفی ثابت ہوئی ہیں(فوٹو عرب نیوز)
سعودی عرب میں کورونا وائرس کے پھیلاو کی روک تھام کے لیے محکمہ صحت کے ساتھ ساتھ جہاں تمام دیگرحفاظتی ادارے اپنی ذمہ داریاں نبھا رہے ہیں وہیں ہلال احمر بھی اپنی خدمات میں پیش پیش ہے۔
عرب نیوز کے مطابق سعودی عرب میں شام سات بجے کے بعد گھروں تک محدود رہنے کے اعلان کے بعد سعودی ہلال احمر نے اپنی خدمات میں مزید اضافہ کر دیا ہے۔
گذشتہ رات کرفیو لگانے کے احکامات کے بعد ہلال احمر کے جدہ میں موجود دفاتر میں 493 ایمرجنسی فون کال موصول ہوئیں۔
ہلال احمر اتھارٹی جدہ کے ترجمان عبداللہ احمد ابو زید نے سبق نیوز ایجنسی کو بتایا کہ ان اوقات میں عوام کو گھروں میں رہنے کے لیے ہدایات پر عمل کرانا لازمی اور اہم ہے۔
انہوں نے بتایا کہ کسی بھی ہنگامی صورتحال میں 997 پر فون کال کے ذریعے ایمرجنسی سروس حاصل کی جا سکتی ہے۔
انہوں نے مزید بتایا کہ ہلال احمر اتھارٹی کے ڈائریکٹرز تمام انتظامات کو یقینی بنا رہے ہیں کہ کسی بھی ہنگامی صورتحال کے پیش نظر طبی ٹیمیں ضرورت مند افراد کی مدد کے لیے پہنچ سکیں۔
کورونا وائرس میں مبتلا کسی مریض کو اس کے گھر سے قرنطینہ سنٹر یا دیگر حفاظتی سنٹر تک پہنچانے کی تربیتی مشقیں بھی کی جا رہی ہیں۔
روتانا خلیجیہ کے پروگرام یا ہلہ کو انٹرویو دیتے ہوئے ہلال احمر اتھارٹی کی میڈیکل ڈائریکٹر ڈاکٹر مشعل العنیزی نے کہا ہے کہ ہماری ٹیمیں سعودی عرب کے شہروں سمیت دیہی علاقوں میں بھی وبائی امراض سے نمٹنے کے لیے ہر لمحہ تیار ہیں۔
انہوں نے کہا کہ اس وقت ہمارے 7200 ڈاکٹرز، پیرا میڈیکل سٹاف اور ماہرین سعودی عرب کے تمام علاقوں میں 24 گھنٹے اپنی خدمات پیش کر رہے ہیں۔
العنیزی نے واضح کیا کہ کورونا میں مبتلا مشتبہ 98 فیصد مریضوں کی رپورٹیں منفی ثابت ہوئی ہیں۔
ہم فی الحال موسمی تبدیلی کے عرصہ سے گزر رہے ہیں تاہم درجہ حرارت میں تبدیلی سے فلو کی علامات ظاہر ہونے والے کسی بھی مریض کو اس وقت تک الگ تھلگ رکھا جا رہا ہےجب تک اس کے ٹیسٹ کی رپورٹ سامنے نہیں آ جاتی۔
حائل ریجن میں ہلال احمر اتھارٹی کے ڈائریکٹر جنرل عبدالرحمان الیحیی نے ٹی وی مارننگ شو صبح السعودیہ میں بتایا کہ ہمیں اپنے ایمرجنسی نمبر اور ایپ کے ذریعے ہنگامی صورتحال، حادثات اور کورونا وائرس کے مشتبہ مریضوں کی اطلاعات ملتی ہیں۔
کال کے فورا بعد ہمارے کارکنان پوچھ گچھ کرتے ہیں اور واقعے کی نوعیت کے اعتبار سے مجوزہ مقام پر ایمبولینس روانہ کر دی جاتی ہے جس کے ذریعے مریض کو قریبی میڈیکل سنٹر منتقل کر دیا جاتا ہے۔
سعودی عرب کی خبروں کے لیے واٹس ایپ گروپ جوائن کریں