Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

پاکستان میں تین ڈاکٹر کورونا کا شکار، کل مریض 1286

پاکستان کے مختلف علاقوں میں کورونا کے مزید کیسز سامنے آئے ہیں (فوٹو:اے ایف پی)
پاکستان کے صوبہ پنجاب اور بلوچستان میں ایک دن کے اندر تین ڈاکٹروں میں کورونا وائرس کی تشخیص ہوئی ہے۔ دوسری طرف ملک بھر میں کورونا کیسز کی تعداد 1286 ہوگئی ہے جبکہ اب تک نو اموات ہوچکی ہیں۔
پنجاب کے محکمہ صحت کی طرف سے جمعے کو جاری کیے گئے ایک بیان میں کہا گیا ہے کہ ڈیرہ غازی خان قرنطینہ اور آئسولیشن وارڈ میں کورونا کے مریضوں کا علاج کرنے والے دو ڈاکٹروں میں اس مرض کی تصدیق ہوئی ہے۔
محکمہ صحت پنجاب کے ڈی جی خان قرنطینہ میں کام کرنے والے ڈاکٹر اسامہ میں کورونا وائرس کی تصدیق ہوئی ہے۔ اسی طرح ڈی جی خان آئسولیشن وارڈ میں کام کرنے والی ڈاکٹر صباء میں بھی کورونا وائرس پایا گیا ہے۔
تاہم محکمہ صحت کا یہ کہنا ہے کہ دونوں ڈاکٹر خطرے سے باہر ہیں اور ان کی طبیعت زیادہ خراب نہیں ہے اور دونوں کو ہسپتال کے آئسولیشن وارڈز میں رکھا گیا ہے۔
دوسری جانب کوئٹہ میں دانتوں کے ایک ڈاکٹر میں کورونا وائرس کی تشخیص ہوئی ہے۔
محمکہ صحت بلوچستان کے سنیئر آفیسر طاہر ظفر عباسی کے مطابق ڈینٹل سرجن نجی ہسپتال میں پریکٹس کرتے تھے تاہم ان کے گھر بیرون ملک سے رشتہ دار آئے ہیں اس لیے شبہ ہے کہ انہیں یہ مرض اپنے رشتے دار سے لگا ہے۔
انہوں نے کہا کہ ڈاکٹر اور ان کے اہلخانہ کو گھر پر قرنطینہ میں رہنے کی ہدایت کی گئی ہے۔
خیال رہے کہ ایران سے پاکستان واپس آنے والے زائرین کو پہلے تفتان بارڈر پر قرنطینہ میں رکھا گیا جس کے بعد ان افراد کو ان کے متعلقہ صوبوں کے حوالے کیا گیا جہاں انہیں دوبارہ قرنطینہ میں رکھا گیا۔
پنجاب میں آنے والے زائرین کو سب سے بڑے قرنطینہ مرکز ڈیرہ غازی خان میں لایا گیا۔

 ڈی جی خان نے دونوں متاثرہ ڈاکٹرز کی حالت خطرے سے باہر ہے۔ فائل فوٹو: اے ایف پی

وزیر اعلی پنجاب عثمان بزدار کے مطابق اس قرنطینہ مرکز سے اب تک 550 افراد کو کورونا ٹیسٹ منفی آنے اور دو ہفتوں میں علامات ظاہر نہ ہونے پر گھروں کو جانے کی اجازت دے دی گئی ہے۔ اسی ڈی جی خان قرنطینہ سنٹر میں اب تک 207 افراد میں کورونا وائرس کی تصدیق ہو چکی ہے جنہیں آئسولیشن وارڈ میں رکھا گیا ہے۔

کورونا کے کہاں کتنے مریض؟

پرائمری اینڈ سکینڈری ہیلتھ کئیر ڈیپارٹمنٹ پنجاب کے مطابق صوبے میں کورونا کے مصدقہ کیسز کی تعداد 419 ہوگئی ہے اور جمعے کو ننکانہ صاحب میں بھی اس وبا کا ایک مریض سامنے آیا ہے۔ 
بلوچستان میں ترجمان صوبائی ھیلتھ ڈائریکٹریٹ کورونا وائرس سیل کے مطابق جمعے کو کورونا وائرس کی مریضوں کی کُل تعداد 133 ہے جس میں دو نئے مریضوں کا اضافہ ہوا ہے، جبکہ دو مریض صحتیاب ہوئے ہیں۔
حکومت پاکستان کے اعدادوشمار کے مطابق سندھ، بلوچستان اور خیبرپختونخوا میں کورونا کے مریضوں کی تعداد بالترتیب 440، 133 اور 176 ہے جبکہ گلگت بلتستان اور وفاقی دارالحکومت اسلام آباد میں یہ تعداد بالترتیب 91 اور 27 ہے۔
اس کے علاوہ پاکستان کے زیر انتظام کشمیر میں کورونا کے دو کیسز رپورٹ ہوئے ہیں۔
مشیر اطلاعات خیبر پختونخوا اجمل وزیر نے پریس کانفرنس کے دوران بتایا کہ صوبے میں کورونا وائرس سے متاثرہ مریضوں کی تعداد بڑھ کر 176 ہوگئی ہے۔
  • واٹس ایپ پر پاکستان کی خبروں کے لیے ’اردو نیوز‘ گروپ جوائن کریں

شیئر: