کترینہ کیف نے میرا آئیڈیا چوری کرلیا: دیپکا پاڈوکون کا الزام
کترینہ کیف نے میرا آئیڈیا چوری کرلیا: دیپکا پاڈوکون کا الزام
جمعہ 27 مارچ 2020 17:24
کورونا کی وجہ سے بالی وڈ سٹار گھروں تک محدود ہو کر رہ گئے ہیں (فوٹو: اے ایف پی)
بالی وڈ کی ڈمپل گرل دیپکا پاڈوکون نے فلم انڈسٹری کی باربی ڈول کترینہ کیف پر اپنا آئیڈیا چرانے کا الزام لگایا ہے۔
اب آپ سوچ رہے ہوں گے کہ آخر کترینہ نے دیپکا کا کونسا ایسا آئیڈیا چرایا ہے کہ وہ یوں سرعام انہیں قصوروار ٹھہرا رہی ہیں۔ کہیں انہوں نے دیپکا کا فیشن سٹائل تو کاپی نہیں کیا۔ تو ہم آپ کو بتائیں کہ یہ آئیڈیا کسی فیشن سٹائل سے متعلق نہیں بلکہ قرنطینہ کے دوران برتن دھونے کا تھا۔
یہ تو آپ سب جانتے ہی ہیں کہ بالی وڈ فنکار انڈیا میں لاک ڈاؤن کے بعد قرنطینہ میں ہیں اور ایسے میں وہ اپنی روزمرہ کی مصروفیات سے سوشل میڈیا پلیٹ فارم کے ذریعے اپنے مداحوں کو آگاہ کر رہے ہیں۔
بالی وڈ کی حسینائیں دیپکا پاڈوکون اور کترینہ کیف بھی اپنے گھروں تک محدود ہو کر رہ گئی ہیں اور اس دوران وہ اپنی تصاویر اور ویڈیوز شیئر کر کے اپنے مداحوں کو بتاتی رہتی ہیں کہ وہ قرنطینہ میں کیسے وقت گزار رہی ہیں۔
دو دن قبل کترینہ کیف نے انسٹاگرام اکاؤنٹ پر ایک ویڈیو شیئر کی تھی جس میں وہ برتن دھوتی نظر آرہی تھیں۔
اس دوران انہوں نے اپنے مداحوں کو یہ بھی بتایا کہ کیسے کم پانی کے استعمال سے زیادہ برتن دھوئے جا سکتے ہیں تاکہ پانی کو محفوظ کیا جا سکے۔
دیپکا پاڈوکون نے کترینہ کیف کی اس ویڈیو کو اپنے انسٹاگرام اکاؤنٹ پر شیئر کرتے ہوئے لکھا کہ مجھے آپ کو یہ بتاتے ہوئے دکھ ہو رہا ہے کہ میرے سیزن 1 کی قسط نمبر 5 منسوخ ہوگئی ہے کیونکہ آپ نے میرا آئیڈیا چوری کر لیا ہے۔'
اس کے ساتھ انہوں نے کیپشن میں ہیش ٹیگ PlagiarismInTheTimeOfCovid19 بھی لکھا۔
دیپکا کی اس پوسٹ پر کترینہ کیف بھی اپنے دفاع میں میدان میں آگئیں اور انہوں نے جواب میں لکھا کہ ’ہاہاہا مجھے میری قابل اعتبار مددگار (اور گھر کے عملے) سے یہ حقوق مل گئے ہیں۔'
بالی وڈ کی ان دلکش اداکاراﺅں کی اس دلچسپ بات چیت سے سوشل میڈیا صارفین بھی محظوظ ہو رہے ہیں۔