سوشل میڈیا صارفین سلمان احمد کے لیے نیک تمناؤں کا اظہار کررہے ہیں (فوٹو:سوشل میڈیا)
پاکستان کے مشہور گلوکار اور میوزک بینڈ 'جنون' کے سابق لیڈ گٹارسٹ سلمان احمد نے شبہ ظاہر کیا ہے کہ وہ کورونا وائرس کا شکار ہو گئے ہیں۔
جمعے کی شام کو انہوں نے ایک اور ٹویٹر پیغام میں بتایا کہ 'دوستو! پہلے ایک بری خبر: ڈاکٹر ایبیلی کے مطابق میں کووڈ 19 کا شکار ہوں۔ جلد ہی ٹیسٹ کراؤں گا۔'
اس سے قبل جمعے کو ہی اپنی ایک ٹویٹ میں سلمان احمد نے لکھا تھا کہ 'دوستو! میں خود کو اپنی فیملی سے الگ کر رہا ہوں۔ نزلہ زکام جیسی علامات محسوس ہونے کے بعد میں نے کورونا وائرس کا ٹیسٹ کرانے کا فیصلہ کیا ہے۔'
انہوں نے مزید لکھا کہ 'اچھی خبر یہ ہے کہ مجھ میں ہلکے زکام جیسی علامات ہیں، میں نے نیویارک میں خود کو قرنطینہ کرلیا ہے، میں باقاعدگی سے ہاتھ دھو رہا ہوں، بھاپ لے رہا ہوں اور گرم مشروبات پی رہا ہوں۔ آپ سب کی دعاؤں کا شکریہ۔'
سلمان احمد مشہور گلوکار ہونے کے ساتھ ساتھ پولیو کے خلاف عالمی مہم کا حصہ بھی ہیں۔ سوشل میڈیا صارفین سلمان احمد کے لیے نیک تمناؤں کا اظہار کر رہے ہیں۔
خیال رہے کہ دنیا بھر کی کئی مشہور شخصیات کورونا وائرس کا شکار ہوئی ہیں ان میں مختلف شعبہ ہائے زندگی سے تعلق رکھنے والی ایسی شخصیات بھی شامل ہیں جنہوں نے اپنی صلاحیتوں کے بل بوتے پر دنیا میں اپنا مقام بنایا۔
چار مرتبہ برٹش اوپن سکواش کے مقابلے جیتنے والے پاکستانی کھلاڑی اعظم خان 28 مارچ کو کورونا وائرس کی وجہ سے انتقال کر گئے تھے۔ ان کی عمر 95 برس تھی۔
27 مارچ کو برطانوی وزیراعظم بورس جانسن اور ان کے وزیر صحت میں بھی کورونا وائرس کی تصدیق ہوئی تھی۔
اس سے قبل 25 مارچ کو برطانیہ کے شہزادہ چارلس میں کورونا وائرس کی تصدیق ہوئی تھی جبکہ 'بے بی ڈول میں سونے دی' گانے والی مشہور انڈین گلوکارہ کانیکا کپور بھی کورونا کا شکار ہو چکی ہیں۔