کویت: جلیب الشیوخ اور مہبولہ بند، 24 گھنٹے کرفیو
’دونوں علاقوں کو بند کرنے کے لیے خار دار تارین بچھا دی گئی ہیں جبکہ ہر سو میٹر پر چوکی قائم ہے‘ ( فوٹو: القبس)
کویت میں جلیب الشیوخ اور مہبولہ کو مکمل طور پر بند کرنے کے فیصلے کے بعد سیکیورٹی اداروں نے دونوں علاقوں کو گھیر لیا ہے۔
کویتی نیوز ایجنسی کے مطابق کابینہ نے کورونا کے انسداد کے لیے احتیاطی تدابیر مزید سخت کرتے ہوئے دونوں علاقوں کو مکمل طور پر بند کرنے کا فیصلہ کیا تھا۔
واضح رہے کہ دونوں علاقوں میں غیر ملکی رہائش پذیر ہیں۔ اعداد وشمار کے مطابق جلیب الشیوخ میں 3 لاکھ 27 ہزار جبکہ مہبولہ میں ایک لاکھ 98 ہزار کی آبادی ہے۔
جلیب الشیوخ اور مہبولہ میں 24 گھنٹے کا کرفیو نافذ ہے۔ رات کے وقت گھر سے نکلنے کی مکمل پابندی ہے جبکہ دن کے وقت انتہائی محدود اجازت ہے جس میں علاقہ کے اندر ضرورت کی چیزیں خریدنے کے لیے نکلا جا سکتا ہے۔
سیکیورٹی اداروں کا کہنا ہے کہ ’کابینہ کے فیصلے پر عملدر آمد کرتے ہوئے دونوں علاقوں کو گھیر لیا ہے۔ علاقے کے داخلہ اور خارجہ راستوں میں خار دار تاریں بچھانے کے علاوہ جگہ جگہ چوکیاں قائم کی گئی ہیں‘۔
سیکیورٹی ادارے نے بتایا ہے کہ ’جلیب الشیوخ اور مہبولہ میں ہر سو میٹر کے بعد ایک چوکی ہے جو آنے جانے والوں کو چیک کرتی ہے‘۔
دوسری طرف جلیب الشیوخ اور مہبولہ میں گھروں میں محدود رہنے والے غیر ملکیوں کو کھانا، ادویہ اور غذائی اشیا فراہم کرنے کے لیے کئی خیراتی کمیٹیاں سرگرم ہیں جو رہائشیوں کے گھروں تک امدادی سامان فراہم کر رہی ہیں‘۔
بلدیہ کے اہلکار دونوں علاقوں میں صفائی کے علاوہ جراثیم کش ادویہ کا استعمال بڑے پیمانے پر کر رہے ہیں۔