Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

سعودی عرب میں کورونا، کرفیو اور کیرم

یہ کھیل کئی دہائیوں قبل برصغیر سے تاجروں کے ذریعے سعودی عرب پہنچا (فوٹو عرب نیوز)
پوری دنیا میں پھیلنے والی کورونا وائرس کی وبا کے پیش نظر لاک ڈاون کی وجہ سے گھروں میں موجود لوگوں نے مصروفیت کے نئے طریقے ڈھونڈ نکالے ہیں۔
عرب نیوز میں شائع ہونے والی ایک رپورٹ کے مطابق سعودی عرب میں بسنے والی مختلف کمیونٹی کے افراد نے بوریت سے بچنے کے لیے خاندان اور دوستوں کے ساتھ مل کر ایشیا کے روایتی کھیل کیرم بورڈ کا سہارا لے لیا ہے جسے کسی حد تک فراموش کر دیا گیا تھا۔
وقت گزاری کا یہ قدیم  کھیل چار یا دو کھلاڑیوں کے مابین کھیلا جاتا ہے اور کھلاڑی کیرم بورڈ کے ارگرد بیٹھنے کے باعث ایک دوسرے سے کچھ فاصلے پر بھی رہتے ہیں۔

کرفیو کے اوقات میں مصروف رکھنے کی وجہ تلاش کر لی ہے(فوٹو عرب نیوز)

کورونا وائرس کے سبب پہلے لاک ڈاون اور پھر کرفیو کا اعلان ہوا تو لوگوں نے سعودی عرب میں کھیلوں کے سامان کی دکانوں کا رخ کرلیا۔ 
کیرم بورڈ خاص قسم کی لکڑی کا تختہ ہوتا ہے جس  پر مربع شکل کا خوبصورت ڈیزائن بنا ہوتا ہے اور چاروں کونوں میں گول پاکٹ موجود ہوتی ہے۔
لاک ڈاون اور کرفیو کے دوران کیرم بورڈ کی خریداری میں اضافہ دیکھنے میں آیا ہے۔
یہ منفرد کھیل اب سعودی شہریوں میں بھی پذیرائی حاصل کر رہا ہے۔ اس کھیل سے خاندان کے بچے، بڑے اور بوڑھے سب ہی  لطف اندوز ہورہے ہیں۔
کیرم بورڈ خلیج کے دیگر علاقوں خصوصی ساحلی علاقوں میں بھی مقبول ہو رہا ہے۔

خوبصورت ڈیزائن کے کیرم بورڈ  کے چاروں کونوں میں پاکٹ ہوتی ہیں(فوٹو عرب نیوز)

کورونا وائرس کے سبب دفتر کے بجائے جدہ میں اپنے گھر سے خدمات انجام دینے والے انجینیئر ماجد الدوسری نے کہا ہے کہ' میں اسے اپنی خوش قسمتی سمجھتا ہوں کہ میں نے کچھ دن قبل ہی کیرم بورڈ خرید لیا تھا جس سے اچھا وقت گزر رہا ہے۔'
انہوں نے بتایا کہ ' میں نے سب سے پہلے کیرم بورڈ اپنے مستقبل کے سسرال والوں کے ساتھ کھیلا تھا جس کے بعد اب میں اپنے گھروالوں کے ساتھ کھیلتا ہوں۔
ماجد الدوسری نے بتایا کہ ' پہلے عموما ہم دوپہر کے کھانےپر ملتے تھے جبکہ اب ہم اکثراکٹھے کیرم کھیلتے ہیں جس میں میرا بھائی ، بھابھی، بہن کافی اور چائے کے ساتھ اس میں شامل ہوتے ہیں۔'

کالی گوٹیوں کو وائے کی شکل میں اور سفید کو ان کے ساتھ ترتیب دی جاتی ہے(فوٹو عرب نیوز)

الدوسری نے بتایا کہ جب جدہ میں کرفیو کا اعلان ہوا تو میں نے ویب سائٹ کے ذریعے کیرم بورڈ کا آرڈر کیا جو دو دن بعد 90 ریال میں مجھے گھر پر پہنچا دیا گیا۔
موجودہ دنوں میں کیرم بورڈ  300 ریال سے 400 ریال تک فروخت ہو رہا ہے جبکہ کئی دکانوں اور آن لائن فروخت کنندہ کے پاس اس کا سٹاک ختم بھی ہو چکا ہے۔
کیرم بورڈ کھیلنے کے لیے کالے اور سفید رنگ کی گول شکل کی 9 ،9 گوٹیوں کو بورڈ کے وسط  میں ایک خاص ترتیب سے رکھا جاتا ہے۔
کالی گوٹیوں کو وائے کی شکل میں اور سفید گوٹیوں کو ان کے ساتھ ایسے ترتیب میں رکھا جاتا ہے کہ ان کے بیچوں بیچ سرخ رنگ کی ایک گوٹ رکھی جاتی ہے جسے ملکہ یا کوئین کا نام دیا گیا ہے۔

9 ،9 گوٹیوں کو بورڈ کے وسط  میں ایک خاص ترتیب سے رکھا جاتا ہے(فوٹو ٹوئٹر)

ایک بڑے سائز کی گوٹ سٹرائیکرکی مدد سے کھلاڑی اپنی جانب کی لائن سے گوٹیوں کو سامنے کونوں میں موجود گول پاکٹ میں پہنچانے کی کوشش کرتا ہے جوکھلاڑی ملکہ کے ساتھ اپنی دوسری گوٹی پاکٹ کرلیتا ہے وہ جیت جاتا ہے۔
کیرم بورڈ کھیلنے والوں کا کہنا ہے کہ یہ کھیل کئی دہائیوں قبل برصغیر سے حجاز کی راستے تاجروں کے ذریعے سعودی عرب پہنچا ہے۔ اس کے بعد یہ معاشرتی زندگی کا حصہ بن گیا ہے، جس میں بچوں کے ساتھ خواتین اور بزرگوں کی بھی دلچسپی ہے۔
سعودی آرٹسٹ نجات مطاہر نے خوبصورت تصویر کے ذریعے اس کھیل اور خاندان کے تعلق کو اجاگر کیا ہے جس میں دادا، دادی اپنے پوتے کے ساتھ کیرم بورڈ کھیل رہے ہیں۔
سعودی ماہر بشریات سعد السویان نے کیرم بورڈ کے متعلق کہا ہے کہ یہ سعودی عرب میں کئی نسلوں سے کھیلا جا رہا ہے اور اس کھیل  میں عمر کی کوئی حد مقرر نہیں۔ انہوں نے اپنی تحریر سعودی عرب کی روایتی ثقافت کی بارہویں جلد میں اس مقبول کھیل کو خراج تحسین پیش کرتے ہوئے عرب اور سعودی معاشرتی زندگی میں اس کی اہمیت کا ذکر کیا ہے۔

سرخ رنگ کی گوٹ کو ملکہ یا کوئین کا نام دیا گیا ہے(فوٹو ٹوئٹر)

جدہ میں موجود 39 سالہ استاد ناہید نور نے بتایا کہ'میں ایک عرصے سے اپنی امی اور گھر کے دیگر اہل خانہ کے ساتھ کیرم بورڈ کھیلتا رہا ہوں۔ یہ بہت دلچسپ اور زبردست مزے کا کھیل ہے۔ دو بچوں کے والد ناہید نور نے بتایا کہ گذشتہ دنوں اس کھیل کی عادت ختم ہو گئی تھی لیکن اب پھر اسے اپنے خاندان کے ساتھ  دوبارہ اپنا لیا ہے۔
ناہید نے بتایا کہ یہ کھیل مشکل کے وقت ایک دوسرے کو لطف اندوز کر دیتا ہے۔ ہم سب گھر میں موجود ہیں۔ اسے نمبروں کے ساتھ بھی کھیلا جاتا ہے جیسا کہ 10، 5 اور کوئین کے 50 نمبر زیادہ نمبر حاصل کرنے والا جیت جاتا ہے۔کوئین کے ساتھ دوسری گوٹ پاکٹ کرنا ضروری ہے۔
ان کا مزید کہنا تھا کہ کیرم بورڈ بوریت دور کرنے کا بہترین ذریعہ ہے۔ ہم سب پرانے کیرم بورڈ کو نکال کر دوبارہ کھیلنا شروع کر رہے ہیں۔

شیئر: