گزشتہ 24 گھنٹے کےدوران مزید 382 مریضوں کی تصدیق ہو’ئی ہے (فوٹو سبق)
سعودی عرب میں گذشتہ 24 گھنٹوں کے دوران کورونا وائرس میں مبتلا مزید 382 مریضوں کی تصدیق ہونے کے بعد مجموعی تعداد 4033 ہوگئی ہے۔
وزارت صحت کی جانب سے ہفتے کو یومیہ پریس کانفرنس میں بتایا گیا ہے کہ مملکت میں اب تک ’کورونا وائرس سے 52 افراد ہلاک جبکہ ’کووڈ 19 ‘ سے اب تک 720 افراد صحت یاب ہو چکے ہیں۔
ترجمان وزارت صحت ڈاکٹر محمد العبد العالی نے مزید بتایا کہ ’کورونا کے مجموعی مریضوں میں سے 67 کی حالت نازک ہے۔ گزشتہ 24 گھنٹے کے دوران 35 افراد صحتیاب ہونے کے بعد یہ تعداد 720 ہو گئی ہے۔
گزشتہ 24 گھنٹے کے دوران 5 افراد کورونا وائرس کی وجہ سے جان کی بازی ہارگئے۔ ہلاک ہونے والوں میں 2 سعودی جنکی عمریں 33 اور 67 برس تھی جبکہ 3 غیر ملکی شامل ہیں۔ مملکت میں اب تک کورونا وائرس کی وجہ سے 52 افراد ہلاک ہو چکے ہیں۔
ڈاکٹر العبد العالی نے مزید بتایا کہ گزشتہ 24 گھنٹے کے دوران 382 مریضوں کی تصدیق ہوئی ہے۔ ان میں 131 مکہ مکرمہ ، 95 مدینہ منورہ،76 ریاض، 50 جدہ، 15 دمام ، 5 ینبع ، 3 سبت العلایہ ، 3 الھفوف ، الخبر ، طائف، میسان اور الشملی میں ایک ایک مریض کا ’کووڈ 19‘ پازیٹوآیا ہے۔
ترجمان وزارت صحت کا کہنا تھا کہ ’ میرا پیغام ہے کہ سب لوگو وزارت صحت کی جانب سے لانچ کی جانے والی ’خود شناختی ایپ‘ ’موعد‘ کے ذریعے اپنا معائنہ کریں اس کے ذریعے یہ آپ اپنے بارے میں اندازہ لگاسکتے ہیں‘
انہو ں نے کہا کہ ’خود کارایپ انتہائی آسان ہے جس میں 6 سوالوں کے جواب دینے ہوتے ہیں، اس ایپ کے ذریعے 40 کیسزکی تصدیق کی جاچکی ہے‘
واضح رہے مملکت میں کورونا وائرس کے حوالے سے احتیاطی تدابیر پرسختی سے عمل کیاجارہا ہے۔ گزشتہ روز 10 اپریل کو مدینہ منورہ کے 6 علاقوں کو مکمل ’سیل‘ کرکے وہاں مکمل کرفیو نافذ کر دیا گیا ہے۔
ساتھ ہی ان علاقوں کے لوگوں کو ہدایت کی گئی ہے کہ وہ گھروں سے بھی باہرنہ نکلیں۔