ریاض میں مشترکہ سیکیورٹی آپریشن کے دوران گرفتاریاں ہوئی ہیں(فوٹو سبق)
سعودی دارالحکومت ریاض میں مشترکہ سیکیورٹی آپریشن کے دوران اقامہ و محنت قوانین کی خلاف ورزی کرنے والے 34 تارکین کو گرفتار کیا ہے-
مشترکہ آپریشن میں وزارت افرادی قوت و سماجی بہبود کے انسپکٹرز، فیلڈ سیکیورٹی فورس اور ریاض میونسپلٹی کے اہلکار شامل تھے-
سبق ویب سائٹ کے مطابق سیکیورٹی آپریشن کے تحت بیکریوں’ سموسے تیار کرنے والے مراکز اور تمباکو فروخت کرنے والی دکانوں پر چھاپے مارے گئے-
تفتیشی کارروائی کےدوران پتہ چلا کہ حفظان صحت کے ضوابط اورپیشہ ورانہ اصولوں کی خلاف ورزی کی جارہی تھی- علاوہ ازیں اور بھی خلاف ورزیاں ریکارڈ پر آئیں-
ریاض میں لیبر آُفس کے ڈائریکٹر جنرل عبدالکریم نے بتایا کہ ان دنوں ریاض شہر کے تمام محلوں، کمشنریوں اور تحصیلوں میں گوداموں سمیت تمام تجارتی اداروں میں تفتیشی کارروائی جاری ہے- بحرانی حالات سے ناجائز فائدہ اٹھانے والوں اور مختلف قواعد و ضوابط کی خلاف ورزی کرنے والوں کی پکڑ دھکڑ ہورہی ہے-
لیبر آفس کے ڈائریکٹر جنرل کے مطابق متعلقہ اداروں کے تعاون سے آئندہ بھی چھاپہ مہم جاری رکھی جائے گی تاکہ اس بات کا اطمینان حاصل کیا جاسکے کہ تجارتی مراکز اور دکانوں کے مالکان وزارت افرادی قوت کے فیصلوں پر کس حد تک عمل درآمد کررہے ہیں-
وزارت کے ماتحت تفتیشی ادارے کے ڈائریکٹر بدر العتیبی نے انتباہ دیا کہ قوانین کی خلاف ورزی کرنے والے کسی بھی فرد، ادارے یا کمپنی کے ساتھ کوئی رعایت نہیں ہوگی-
تمام ادارے ملک و قوم کو نقصان پہنچانے والوں کو سبق سکھانے میں تعاون کریں-