Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

’ہاتھوں کے ساتھ ساتھ دل بھی صاف رکھیں‘

مہوش حیات کے پیغام پر تبصرہ کرنے والے ان کی خوبصورتی کے بھی معترف (فوٹو سوشل میڈیا)
پاکستانی اداکارہ مہوش حیات نے کورونا وائرس کے دوران اختیار کی جانے والی احتیاط، ہاتھ دھونے سے متعلق یاددہانی کراتے ہوئے کہا ہے کہ ’ہاتھوں کے ساتھ ساتھ دل بھی صاف رکھیں۔
سوشل میڈیا پر فعال سیلیبرٹیز میں شمار کی جانے والی پاکستانی اداکارہ مہوش حیات کا حالیہ پیغام سامنے آیا تو صارفین نے ناصرف اسے سراہا بلکہ ایسا کرنے کی افادیت سے متعلق مزید گفتگو بھی کی۔

مہوش حیات کی ٹویٹ پر تبصرہ کرنے والوں میں بہت سے ایسے تھے جنہوں نے ان کی گفتگو آگے بڑھاتے ہوئے دل کے ساتھ دماغ صاف رکھنے کی جانب بھی توجہ دلائی۔ دعا ملک نامی صارف نے لکھا ’ذہن صاف ہونا بھی ضروری ہے‘۔

شاہد نامی صارف نے ہاتھوں اور ذہن کے ساتھ نظروں کی صفائی بھی لازم قرار دی۔ انہوں نے لکھا ’ان سب کے ساتھ نظریں صاف ہونا بھی ضروری ہیں۔‘

مہر نامی صارف نے مہوش حیات کے خیال سے اتفاق ظاہر کرتے ہوئے اس کا نتیجہ بھی اپنی گفتگو کا حصہ بنایا۔ انہوں نے لکھا ’یہ بہت لازم ہے۔ اگر ہم سب دل صاف رکھیں تو یہ دنیا جنت بن جائے۔‘

گفتگو میں شریک کچھ صارف ایسے بھی تھے جو مہوش حیات کی خوبصورتی کی تعریف کرتے رہے۔ تابندہ نیازی نے لکھا ’آپ کے بالوں کے رگ سے محبت ہے۔‘

انعم لطیف نامی صارف نے مہوش حیات کی خوبصورتی کا بالی وڈ اداکاراؤں سے مقابلہ بھی کر ڈالا۔ انہوں نے لکھا ’آپ کترینہ کیف اور پرینکا چوپڑا سے زیادہ خوبصورت ہیں۔‘

مہوش حیات کے خیال سے اتفاق کرنے والوں اور ان کی خوبصورتی کے تعریف کرنے والوں کے ساتھ ساتھ ایسے لوگ بھی گفتگو کا حصہ رہے جنہوں نے عمدہ پیغام دینے پر ان کا شکریہ ادا کیا۔ سید احمد مسعود نامی صارف نے لکھا ’ یہ ناصرف ایک خوبصورت پیغام ہے بلکہ خوشیوں بھری زندگی کی کلید بھی ہے۔ پیغام شیئر کرنے پر آپ کا شکریہ۔

37 سالہ پاکستانی اداکارہ مختلف پاکستانی فلموں میں اپنی اداکاری کے جوہر دکھا چکی ہیں۔ پیشہ ورانہ خدمات کے اعتراف میں تمغہ حسن کارکردگی پانے والی مہوش حیات متعدد پروفیشنل ایوارڈز بھی اپنے نام کر چکی ہیں۔
  • واٹس ایپ پر پاکستان کی خبروں کے لیے ’اردو نیوز‘ گروپ جوائن کریں

شیئر: