Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

امارات: مارچ سے ختم ہونے والے اقاموں میں دسمبر تک توسیع

’بیرون ملک رہ جانے والے تارکین بھی اس سہولت سے فائدہ اٹھائیں گے‘ ( فوٹو: الامارات الیوم)
کورونا وائرس سے پیدا ہونے والے بحران کے باعث متحدہ عرب امارات میں مقیم غیر ملکیوں کے اقاموں میں دسمبر تک توسیع کردی جائے گی۔
غیر ملکیوں کے اقاموں کی توسیع خود کار نظام کے تحت ہوگی خواہ وہ ملک میں مقیم ہوں یا بیرون ملک میں ہوں۔
الامارات الیوم کے مطابق محکمہ اقامہ وشناختی کارڈ نے کہا ہے کہ ’یکم مارچ سے ختم ہونے والےاقاموں کی دسمبر تک توسیع کرنے کے لیے ادارے میں آنے کی ضرورت نہیں‘۔
محکمے نے کہا ہے کہ ’مذکورہ تاریخ کے بعد ختم ہونے والے اقاموں کی تاریخ انتہا دسمبر تصور کی جارہی ہے، یہ خود کار سسٹم کے تحت توسیع ہوجائے گی‘۔
محکمے نے کہا ہے کہ ’اس سہولت میں وہ تمام غیر ملکی شامل ہیں جو ملک میں موجود ہیں اور وہ بھی جو بیرون ملک گیے ہوئے تھے اور بحران کی وجہ سے واپس نہیں آسکے‘۔
محکمہ اقامہ وشناختی کارڈ کے ترجمان بریگیڈئیر خمیس الکعبی نے کہا ہے کہ ’حکومت نے یہ فیصلہ غیر ملکی تارکین کی سہولت اور آسانی کے لیے کیا ہے‘۔
انہوں نے کہا ہے کہ ’یہ سہولت وزٹ ویزوں پر آنے والے غیر ملکیوں کے لیے بھی ہے جو ملک میں موجود ہیں ‘۔

’وزٹ ویزوں کی ہر قسم پر آنے والے والے غیر ملکی جو ملک میں موجود ہیں ان کے ویزوں میں بھی توسیع ہوگی‘ ( فوٹو: الامارات الیوم)

انہوں نے کہا ہے کہ ’وزٹ ویزے کی تمام قسموں کے حامل افراد جو امارات میں موجود ہیں اور جن کے ویزے یکم مارچ یا اس کے بعد کی تاریخوں میں ختم ہیں ان کے ویزے بھی دسمبر تک فعال سمجھے جائیں گے‘۔
دوسری طرف وزارت صحت نے کہا ہے کہ ’اب تک 23 ہزار 380 غیر ملکیوں کا کورونا ٹیسٹ لیا جاچکا ہے‘۔
وزارت نے کہا ہے کہ ’معذور ، بیمار اور معمر افراد کی سہولت کے لیے وزارت گھر میں جاکے کورونا ٹیسٹ لینے کا بھی انتظام کر رکھا ہے‘۔

شیئر: